اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس نے 125 افسران اور اہلکاروں کو اگلے عہدوں پر ترقی دینے کی منظوری دے دی، جس کے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیے گئے ہیں
آئی سی ٹی پولیس کے 125 افسران و اہلکاروں کی اگلے عہدوں پر ترقی

مزید خبریں
اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس نے 125 افسران اور اہلکاروں کو اگلے عہدوں پر ترقی دینے کی منظوری دے دی، جس کے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔ یہ اقدام فورس کے حوصلے بلند کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر کی جانے والی ترقیوں کے سلسلے میں کیا گیا ہے۔ پولیس حکام نے بتایا کہ 12 سب انسپکٹرز کو انسپکٹرز، 9 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز (اے ایس آئیز) کو سب انسپکٹرز جبکہ 105 ہیڈ کانسٹیبلز کو اے ایس آئیز کے عہدوں پر ترقی دی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ترقیوں کے لیے افسران و اہلکاروں کی کارکردگی، سروس ریکارڈ اور میرٹ کو مدنظر رکھا گیاجبکہ تمام ترقیوں کے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیے گئے ہیں۔انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) سید علی ناصر رضوی نےترقی پانے والے افسران و اہلکاروں کو مبارکباد دی اور ایک تقریب کے دوران ان کے نئے عہدوں کے بیجز لگائے۔آئی جی پی سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں ترقیوں سے پولیس فورس کا مورال بلند ہوگا اور افسران و اہلکار اپنے فرائض مزید عزم و لگن کے ساتھ انجام دینے کی ترغیب حاصل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کی فلاح و بہبود ہمیشہ ان کی ترجیحات میں شامل رہی ہے اور اس معاملے پر آئندہ بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔آئی جی پی نے کہا کہ میرٹ اور شفافیت اسلام آباد پولیس کی ترقیاتی پالیسی کا بنیادی حصہ ہیں، اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے ترقی پانے والے تمام اہلکاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ نئے عہدوں پر اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ انداز اور بھرپور لگن کے ساتھ انجام دیں گے۔







