آرسی سی آئی کے زیر اہتمام تاشقند، ازبکستان میں کاروباری مواقع کانفرنس کا انعقاد

راولپنڈی۔ 10 نومبر (اے پی پی):راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے تاشقند، ازبکستان میں کاروباری مواقع کانفرنس کا انعقاد کیا۔کانفرنس کا مقصد بین الاقوامی کاروباری روابط کو بڑھانا، سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تجارت کی نئی راہیں تلاش کرنا تھا۔کانفرنس کے موقع پرپاکستان اور ازبک کی معروف کمپنیوں اور چیمبر آف کامرس کے درمیان مفاہمت کی متعدد یادداشتوں پر دستخط کیے گئے، سفیر …

راولپنڈی۔ 10 نومبر (اے پی پی):راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے تاشقند، ازبکستان میں کاروباری مواقع کانفرنس کا انعقاد کیا۔کانفرنس کا مقصد بین الاقوامی کاروباری روابط کو بڑھانا، سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تجارت کی نئی راہیں تلاش کرنا تھا۔کانفرنس کے موقع پرپاکستان اور ازبک کی معروف کمپنیوں اور چیمبر آف کامرس کے درمیان مفاہمت کی متعدد یادداشتوں پر دستخط کیے گئے، سفیر احمد فاروق نےکانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اس سال کی کانفرنس اور ایوارڈز کی تقریب کے لیے ازبکستان کا انتخاب کرنے میں آر سی سی آئی کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے، تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے درمیان پائیدار شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا۔سفیر نے وسطی ایشیائی ممالک کے لیے تجارتی راہداری کے طور پر پاکستان کے اسٹریٹجک محل وقوع پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کثیر جہتی نقطہ نظر کے ذریعے آنے والے سالوں میں دو طرفہ تجارت کو 2 بلین امریکی ڈالر تک بڑھانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ ازبکستان کو بھی ذکرکیا جس میں ازبک صدر کے ساتھ تجارت، رابطوں اور عوام کے درمیان تعلقات پر اہم بات چیت شامل تھی۔اپنے استقبالیہ خطاب میں صدر چیمبر عثمان شوکت نے کہا کہ ازبکستان کی متحرک معیشت 5 فیصد سے زائد شرح سے بڑھ رہی ہے جو پاکستان کے لیے تعاون کے بے پناہ مواقع پیش کر رہی ہے، دو طرفہ تجارت 113 ملین امریکی ڈالر کے لگ بھگ ہے جو توقع سے بہت کم ہے۔ تعاون کو وسعت دے کر، لاجسٹکس کو بہتر بنا کر، اور تجارت کو متنوع بنا کر باہمی تجارت کو حجم بڑھایا جاسکتا ہے، ٹیکسٹائل اور ملبوسات، فارماسیوٹیکل، سیاحت، مشترکہ منصوبوں، زراعت اور فوڈ پروسیسنگ اہم شعبے ہیں جن میں باہمی تجارتی تعاون کو بڑھایا جاسکتا ہے۔جمہوریہ ازبکستان کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین علی شیر شیخوف نے پاکستانی تاجروں کو ازبکستان میں مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری کے لیے منافع بخش اور کاروبار کے لیے دوستانہ مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔

گروپ لیڈر سہیل الطاف اور ایونٹ کے چیئرمین شاہ ریز اے ملک سمیت مقررین نے سرمایہ کاری، مشترکہ منصوبوں اور چیمبر ٹو چیمبر نیٹ ورکنگ کے دائرہ کار پر روشنی ڈالی۔کانفرنس میں سینئر نائب صدر خالد فاروق قاضی، نائب صدر فہد برلاس، سابق صدور، سرحد چیمبرکے صدر جنید الطاف، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین اور دونوں ممالک کے ممتاز کاروباری رہنما شامل تھے۔ مختلف شعبوں سے وابستہ 200 سے زائد مندوبین نے کانفرنس میں شرکت کی۔