آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد کا احساس ابھی سے محسوس کر رہا ہوں، قوم خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہے، کرکٹر محمد رضوان

لاہور۔20جنوری (اے پی پی):24 سال بعد دورہ پاکستان سے متعلق آسٹریلیا کے کھلاڑیوں، فینز، براڈکاسٹرز اور میڈیا کی طرف سے سامنے آنے والے بیانات کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان محمد رضوان نے اپنے بیان میں کہا کہ 24 سال بعد پاکستان کا تاریخی دورہ کرنے پر پوری قوم آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کو خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا آسٹریلیا میں …

لاہور۔20جنوری (اے پی پی):24 سال بعد دورہ پاکستان سے متعلق آسٹریلیا کے کھلاڑیوں، فینز، براڈکاسٹرز اور میڈیا کی طرف سے سامنے آنے والے بیانات کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان محمد رضوان نے اپنے بیان میں کہا کہ 24 سال بعد پاکستان کا تاریخی دورہ کرنے پر پوری قوم آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کو خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا آسٹریلیا میں موجود مختلف سٹیک ہولڈرز کے مثبت بیانات دیکھ کر وہ ایک طویل عرصے بعد آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد کا احساس ابھی سے محسوس کرنے لگے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پرعزم ہوں کہ دونوں ممالک کے کھلاڑیوں کا آپس میں مضبوط تعلق آئندہ ماہ کھیلی جانے والی اس کرکٹ سیریز کو چار چاند لگانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ عثمان خواجہ سمیت کئی آسٹریلوی کرکٹرز کی ایچ بی ایل پی ایس ایل میں شرکت اور آسٹریلیا میں جاری کے ایف سی بگ بیش لیگ میں چھ پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت دونوں ممالک کے کرکٹ حلقوں کے باہمی تعلقات کی نشاندہی کرتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ آسٹریلیا کے سابق کرکٹر میتھیو ہیڈن کے پاکستان بارے محبت بھرے الفاظ کے گواہ ہیں۔

انہوں نے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈکپ 2021 میں قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ کی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے کئی مرتبہ اس کا اظہار بھی کیا ہے۔ قومی ٹیسٹ سکواڈ کے نائب کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ چند روز قبل ایشیز کا کامیاب دفاع کرنے والی آسٹریلیا کی ٹیسٹ ٹیم ایک مضبوط اور مشکل حریف ہے تاہم پاکستان کو اس سیریز میں ہوم گراونڈ اور ہوم کراوڈ کا ایڈوانٹیج ہوگا۔

محمد رضوان نے پاکستان اور آسٹریلیا کی سیریز کو کرکٹ کے مداحوں کے لیے ایک بڑی سیریز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فینز کسی بھی کھیل کا سب سے اہم جزو ہیں اور ان کی تمنائیں اور حوصلہ افزائی میدان میں کھلاڑیوں کا جذبہ بڑھاتی ہیں۔

یاد رہے پی سی بی ترجمان کے مطابق مارچ/ اپریل میں آسٹریلیا کی ٹیم تین ٹیسٹ، تین ون ڈے انٹرنیشنل اور ایک ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی، سیریز میں شامل تینوں ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جبکہ تمام ون ڈے انٹرنیشنل میچز آئی سی سی مینز ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔

 

مزید خبریں