اختیارات کا ناجائز استعمال ، جھوٹا بیان حلفی اور ٹیکس چوری عمران خان پر ثابت ہوچکی ہے ،محسن شاہنوازرانجھا کی پریس کانفرنس

اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):مسلم لیگ( ن ) کے رکن قومی اسمبلی محسن شاہنوازرانجھا نے کہا ہے کہ توشہ خانہ سے عمران خان نے 11 کروڑ روپے کی گھڑیاں 2 کروڑ روپے میں حاصل کرکےبیچ دیں جن کا الیکشن کمیشن میں 2019 کے گوشوارے میں ذکر نہیں ہے ، اختیارات کا ناجائز استعمال ، جھوٹا بیان حلفی اور ٹیکس چوری عمران خان پر ثابت ہوچکی ہے اس لئے ان کے خلاف آئین کے آرٹیکل62 (1)ایف کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2022 کے شروع میں جب عمران خان وزیر اعظم تھے تو اس وقت انفارمیشن کمیشن سے ہمیں توشہ خانہ سے نکلوائے گئے تحائف کی تفصیلات درکار تھیں تو عمران خان نے بطور وزیر اعظم اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا اور کابینہ ڈویژن کے ذریعے اپنا اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے تفصیلات کی فراہمی میں رکاوٹ ڈالی ۔ 2022 میں ہی ایک پٹیشنر نے جب اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تو جسٹس گل حسن نے کہا کہ توشہ خانے کے تحائف کی تفصیلات سامنے آنی چاہیئں ۔

اس کے بعد ہم نے ان کا 2019 کا الیکشن کمیشن میں جمع کرایا گیا اثاثوں کا گوشوارہ نکلوایا تو یہ بات سامنے آئی کہ 10 کروڑ 98 لاکھ کی توشہ خانے سے گھڑیاں عمران خان نے وصول کیں مگر ان کے گوشوارےمیں ان اثاثوں کا ذکر نہیں تھا ۔ گوشوارے کے ساتھ ان کا بیان حلفی بھی جھوٹا ثابت ہوا ۔ اس بنا ءپر میں نے اپنے ساتھی ارکان قومی اسمبلی سعد وسیم صلاح الدین ایوبی اور دیگر کے ہمراہ سپیکر کے پاس عمران خان کے خلاف ریفرنس سپیکر کے پاس جمع کرایا ،سپیکر آئین کے تحت اس کا جائزہ لے کر ایک ماہ میں الیکشن کمیشن کو بھجوانے کے پابند ہیں اور الیکشن کمیشن 90 دنوں میں اس کا فیصلہ سنانے کا پابند ہے ۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے عمران خان کا ہم نے 2018 اور 19 کاگوشوارہ لیا جب رپورٹ نکلوائی تو معلوم ہوا کہ توشہ خانہ میں کتنا گھپلا ہوا ہے ۔10کروڑ سے زائد مالیت کی گھڑیاں 2کروڑ میں توشہ خانہ سے لی گئیں ۔کیبنٹ ڈویژن کو توشہ خانہ کی انفارمیشن چھپانے کیلئے استعمال کیا گیا۔عمران خان نے قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی۔ہم ان کا اصل چہرہ عوام کے سامنے لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان تم نے پاکستانی قوم سے بہت جھوٹ بولاہے ، کب تک خیر مناؤ گے،عمران خان تم نہ صادق ہونہ امین ہو،الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے گوشواروں میں توشہ خانہ تحائف کا کوئی ذکر نہیں ہے ۔

گوشواروں میں بہت سے تحائف ظاہر نہیں کئے گئے اور جوحلف نامہ دیا کہ سب ظاہر ہے، عمران خان جھوٹا ہونے کے علاوہ ٹیکس چور بھی ثابت ہو گئے ہیں،عمران خان نے ٹیکس چوری کی، جھوٹا حلف نامہ دیا ،اختیارات کا غلط استعمال کیا اس طرح ان کے خلاف آئین کے تحت کارروائی عمل میں لاکر انہیں نااہل کیا جائے تاکہ آئین اور قانون کی سربلندی ہو اور آنے والے قانون کے طالب علم اس سے راہنمائی حاصل کر سکیں ۔