حکومت بجٹ سے متعلق امور پر اتحادی جماعتوں سے رابطے میں ہے ، ان کے تحفظات و مطالبات کو ترجیحی بنیاد پر غور کرکے حل کیا جائے گا،بیرسٹر دانیال چوہدری
حکومت بجٹ سے متعلق امور پر اتحادی جماعتوں سے رابطے میں ہے ، ان کے تحفظات و مطالبات کو ترجیحی بنیاد پر غور کرکے حل کیا جائے گا،بیرسٹر دانیال چوہدری

مزید خبریں
اسلام آباد۔5جون (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت بجٹ سے متعلق امور پر تمام اتحادی جماعتوں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے اور ان کے تحفظات اور مطالبات کو ترجیحی بنیاد پر غور کرکے حل کیا جائے گا۔
جمعے کو مقامی میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ایک عوام دوست بجٹ تمام اتحادی شراکت داروں کے ساتھ وسیع سیاسی مشاورت کے ذریعے تیار کیا جا رہا ہے، حکومت بجٹ سازی کے عمل میں اتفاقِ رائے پیدا کرنے اور اتحادی جماعتوں کی تعمیری تجاویز شامل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحفظات اور خدشات ہر سیاسی جماعت کا جمہوری حق ہے اور انہیں مثبت انداز میں دیکھا جانا چاہیے۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ حکومت اپنے اتحادیوں کے مؤقف کا احترام کرتی ہے اور تمام سنجیدہ تحفظات اور جائز مطالبات کو عوامی مفاد میں ترجیحی بنیاد پر حل کیا جائے گا۔ این ایف سی کے طریقہ کار سے متعلق بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ موجودہ فریم ورک کا جائزہ لینے اور اسے موجودہ معاشی حالات اور قومی ضروریات کے مطابق جدید بنانے کی فوری ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی مشاورتی عمل میں تمام متعلقہ فریقوں کو شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور اس کی اتحادی جماعتیں ملک کو معاشی استحکام، پائیدار اور عملی ترقی کی جانب لے جانے کے لیے پرعزم ہیں، باہمی افہام و تفہیم اور تعمیری روابط کے ذریعے ایسے فیصلے کیے جائیں گے جو وسیع تر قومی مفاد میں ہوں گے۔پارلیمانی سیکرٹری نے زور دیا کہ حکومت محاذ آرائی کے بجائے مکالمے، اتفاقِ رائے اور سیاسی مفاہمت پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اتحادی جماعتیں مل کر آگے بڑھیں گی اور یہ کہ تعاون اور مشاورتی طرزِ عمل ترقی کے حصول اور جمہوری اداروں کے استحکام کے لیے ضروری ہے۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ اتحادی حکومت میں کسی قسم کی تقسیم کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کیونکہ یہ جماعتیں حکومت کا لازمی حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی جماعتوں کے درمیان اتحاد اور تعاون کا جذبہ جاری رہے گا اور تمام جماعتیں ملک میں سیاسی استحکام، معاشی ترقی اور مؤثر حکمرانی کے لیے مل کر کام کر رہی ہیں








