اساتذہ کی مسلسل تربیت ہی معیاری تعلیم اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے، اسامہ بشیر قریشی

پنجاب کالجز ملتان میں آروو پرنٹنگ پریس کے زیر اہتمام منعقدہ ٹیچرز ٹریننگ پروگرام کا دوسرا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہوگیا، جس کا مقصد اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ اور جدید تدریسی تقاضوں سے ہم آہنگی پیدا کرنا ہے۔

ملتان۔ 13 جولائی (اے پی پی):ملک میں معیاری تعلیم کے فروغ، اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے اور جدید تدریسی تقاضوں سے ہم آہنگی کے لیے آروو پرنٹنگ پریس کے زیر اہتمام پنجاب کالجز ملتان میں منعقدہ ٹیچرز ٹریننگ پروگرام کا دوسرا مرحلہ پیر کے روز کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔

دو مراحل پر مشتمل اس تربیتی پروگرام میں ملتان ڈویژن کے 20 سے زائد معروف سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے 300 سے زائد اساتذہ نے شرکت کی۔ اختتامی تقریب میں تربیت مکمل کرنے والے شرکاء میں ای-سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے گئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائر یکٹر ایڈمنسٹریشن پنجاب کالجز ملتان ریجن اسامہ بشیر قریشی نے کہا کہ تعلیم کا معیار کبھی نصاب سے نہیں بلکہ استاد کی صلاحیت سے بلند ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو استاد خود سیکھنے کا عمل جاری رکھتا ہے، وہی اپنے طلبہ کو مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے قابل بناتا ہے،اساتذہ کی مسلسل پیشہ ورانہ تربیت ایک مضبوط اور کامیاب تعلیمی نظام کی بنیادی ضرورت ہے، کیونکہ بدلتے ہوئے دور میں جدید مہارتوں اور ڈیجیٹل تدریسی رجحانات سے واقفیت ناگزیر ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی پیشہ ورانہ ترقی، جدید تدریسی طریقوں کے فروغ اور تعلیمی معیار میں بہتری کے لیے عملی اقدامات کرنا بہت ضروری ہے۔انہو ں نے مزید کہا کہ بہترین اساتذہ ہی بہترین معاشروں کی بنیاد رکھتے ہیں، لہٰذا اساتذہ کی استعداد کار میں سرمایہ کاری دراصل قوم کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔ اس موقع پر ٹریننگ کے شرکاء کو بتایا گیا کہ آروو پرنٹنگ پریس اس وقت پاکستان کے معروف تعلیمی اشاعتی اداروں میں شمار ہوتا ہے، جو پری اسکول سے انٹرمیڈیٹ تک سنگل نیشنل کریکولم (SNC) کے مطابق جدید درسی کتب شائع کر رہا ہے۔ آروو کی کتب کو موجودہ ڈیجیٹل دور کے تقاضوں کے مطابق تیار کیا گیا ہے، جن میں QR کوڈز، ویڈیو لیکچرز، آن لائن پریکٹس، گیمیفیکیشن، SLO-Based Assessment، پریکٹیکل سرگرمیاں، ورک شیٹس اور دیگر جدید تدریسی سہولیات شامل ہیں، جو طلبہ اور اساتذہ دونوں کے لیے تدریسی عمل کو مؤثر اور دلچسپ بناتی ہیں۔ آروو کے ماہر ٹرینرز نے تربیتی سیشنز کے دوران اساتذہ کو ڈیجیٹل لرننگ، مؤثر کلاس روم مینجمنٹ، STEM ایجوکیشن، سائنس اور آرٹس مضامین کی تدریسی حکمت عملی، عملی سرگرمیوں کی اہمیت، جدید تدریسی ٹیکنالوجی، طلبہ کی نفسیات، مصنوعی ذہانت (AI) کے تعلیمی استعمال اور آروو کے جدید ڈیجیٹل لرننگ پلیٹ فارم سے متعلق تفصیلی عملی تربیت فراہم کی۔ شرکاء نے اس تربیتی پروگرام کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ آروو گروپ کا یہ اقدام قابلِ تحسین ہے، کیونکہ اس سے اساتذہ کو اپنے علم، تدریسی مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق اپ ڈیٹ رکھنے کا بہترین موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے تربیتی پروگرام نہ صرف اساتذہ کی استعداد میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ طلبہ کے بہتر تعلیمی نتائج اور مجموعی تعلیمی معیار میں بھی نمایاں بہتری کا باعث بنتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر تربیت مکمل کرنے والے اساتذہ میں ای س رٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے اوراس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ملک میں معیاری تعلیم، جدید تدریسی مہارتوں کے فروغ اور اساتذہ کی مسلسل پیشہ ورانہ تربیت کے لیے اس نوعیت کے پروگرام آئندہ بھی باقاعدگی سے منعقد کیے جاتے رہیں گے۔