اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل کا اسلام آباد میں کامسٹیک سیکرٹریٹ کا دورہ

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)کے سیکرٹری جنرل اسماعیل اولد الشیخ احمد نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کامسٹیک سیکرٹریٹ کا دورہ کیا۔ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کا عہدہ سنبھالنے کا ان یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔کامسٹیک ہیڈکوارٹر پہنچنے پر کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری اور سینئر حکام نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کے موقع پر پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری نے سیکرٹری جنرل کو …

اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)کے سیکرٹری جنرل اسماعیل اولد الشیخ احمد نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کامسٹیک سیکرٹریٹ کا دورہ کیا۔ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کا عہدہ سنبھالنے کا ان یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔کامسٹیک ہیڈکوارٹر پہنچنے پر کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری اور سینئر حکام نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کے موقع پر پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری نے سیکرٹری جنرل کو کامسٹیک کے تنظیمی ڈھانچے، ذمہ داریوں، تربیتی پروگراموں، سائنسی فیلوشپس اور او آئی سی رکن ممالک کے سائنس دانوں، محققین اور تعلیمی اداروں کیلئے جاری مختلف منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے اپنے 6 نکاتی وژن کا خاکہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم کو مزید فعال اور مؤثر بنانے کیلئے رکن ممالک اور اداروں کے درمیان سٹریٹجک شراکت داریوں کو مضبوط کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی 57 ممالک پر مشتمل ہے جو چار براعظموں میں پھیلے ہوئے ہیں، جن کی مجموعی آبادی دو ارب سے زائد اور عالمی مجموعی پیداوار میں حصہ تقریباً 25 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم امہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سائنس اور ٹیکنالوجی بنیادی اہمیت رکھتی ہے اور کامسٹیک اس میدان میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے نظام میں قائم مستقل کمیٹیوں میں کامسٹیک وہ پہلا ادارہ ہے جس کا انہوں نے دورہ کیا۔

انہوں نے خواتین کیلئے سائنس، تعلیم اور ترقی کے شعبوں میں مزید مواقع پیدا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ او آئی سی سیکرٹری جنرل نے کامسٹیک کے منصوبوں اور اقدامات کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ او آئی سی جنرل سیکریٹریٹ کامسٹیک کے پروگراموں کو مزید وسعت دینے اور ان کے مؤثر نفاذ کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلئے مکمل تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی رکن ممالک کے درمیان سائنسی و تکنیکی تعاون کو مضبوط بنانا اور سائنس، تحقیق اور جدت کے شعبوں میں مسلم دنیا کی اجتماعی صلاحیت میں اضافہ تنظیم کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔