نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او)کے رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی جغرافیائی قربت کو مؤثر علاقائی روابط اور اقتصادی تعاون میں تبدیل کریں تاکہ خطے کے عوام کی پائیدار خوشحالی کو یقینی بنایا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں پیر کو اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزارتی کونسل کے 30 ویں …
ای سی او ممالک اپنی جغرافیائی قربت کو مؤثر علاقائی روابط اور اقتصادی تعاون میں تبدیل کریں تاکہ خطے کی پائیدار خوشحالی یقینی بنا ئی جاسکے، نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار

مزید خبریں
اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او)کے رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی جغرافیائی قربت کو مؤثر علاقائی روابط اور اقتصادی تعاون میں تبدیل کریں تاکہ خطے کے عوام کی پائیدار خوشحالی کو یقینی بنایا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں پیر کو اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزارتی کونسل کے 30 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علاقائی تعاون کو خوشحالی، امن اور استحکام کے فروغ کا اہم ذریعہ سمجھتا ہے، اس ضمن میں خودمختار مساوات، باہمی احترام، عدم مداخلت اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کے اصولوں کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔
نائب وزیراعظم نے اس کہا کہ موجودہ جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورتحال، معاشی دباؤ اور تیز رفتار تکنیکی تبدیلیوں کے تناظر میں علاقائی تعاون کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے خطے کی منفرد جغرافیائی اہمیت اور مختلف شعبوں میں موجود وسیع امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں کو آسان بنانے کے لیے مؤثر ٹرانسپورٹ راہداریوں، سرحدی طریقہ کار کو آسان بنانے اور قابلِ پیش گوئی انتظامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اقتصادی تعاون تنظیم کی پاکستان کی زیر صدارت ترجیحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان وسیع تر منڈیوں تک رسائی، مضبوط علاقائی ویلیو چینز اور نجی شعبے بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کی حمایت کرے گا تاکہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دیا جاسکے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان وسطی ایشیا، جنوبی ایشیا اور بحیرہ عرب کے ساحل پر واقع پاکستانی بندرگاہوں کے درمیان ٹرانسپورٹ اور ٹرانزٹ روابط کو مضبوط بنانے کے لیے رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان رکن ممالک کے درمیان مسلسل روابط اور مشاورت کی حمایت کرے گا تاکہ زیادہ مؤثر، جامع اور ڈیجیٹل سہولیات سے آراستہ علاقائی تجارتی نظام تشکیل دیا جاسکے۔نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافے اور انسانی ترقی کے شعبوں میں بھی علاقائی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے اقتصادی تعاون تنظیم کے چارٹر میں درج اصولوں، مقاصد اور وژن کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ای سی او علاقائی تعاون کا اہم پلیٹ فارم اور رکن ممالک کی مشترکہ امنگوں کو آگے بڑھانے کا مؤثر ذریعہ ہے۔علاقائی کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور پائیدار علاقائی استحکام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔ اس موقع پر اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور وفود کے سربراہوں کے علاوہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)کے سیکرٹری جنرل اور ای سی او کے سیکرٹری جنرل سمیت دیگر مہمان بھی موجود تھے۔







