نیٹو نے 2027 میں ہونے والا سربراہی اجلاس منسوخ کر دیا

نیٹو نے 2027 میں طے شدہ سربراہی اجلاس منسوخ کر دیا۔رشیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق البانیہ کے وزیراعظم ایڈی راما نے اعلان کیا ہےکہ نیٹو نے2027 میں تیرانا میں ہونے والے اپنے رہنمائوں کی سربراہی کانفرنس کے انعقاد کے منصوبے کو منسوخ کر دیا ہے۔ ابھی تک اس بات پر کوئی اتفاق رائے نہیں ہے کہ نیٹو کا سربراہی اجلاس کب ہوگا لیکن یہ یقینی طور پر 2027 میں …

برسلز۔16نومبر (اے پی پی):نیٹو نے 2027 میں طے شدہ سربراہی اجلاس منسوخ کر دیا۔رشیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق البانیہ کے وزیراعظم ایڈی راما نے اعلان کیا ہےکہ نیٹو نے2027 میں تیرانا میں ہونے والے اپنے رہنمائوں کی سربراہی کانفرنس کے انعقاد کے منصوبے کو منسوخ کر دیا ہے۔ ابھی تک اس بات پر کوئی اتفاق رائے نہیں ہے کہ نیٹو کا سربراہی اجلاس کب ہوگا لیکن یہ یقینی طور پر 2027 میں نہیں ہوگا۔ البانیہ کے وزیر اعظم نے صحافیوں کو بتایا کہ اگر سربراہی اجلاس 2028 میں منعقد ہوتا ہے، تو یہ البانیہ کے شہر تیرانا میں ہو گا۔

نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک روٹے نے کہا کہ نیٹو کا سربراہی اجلاس ضرورت پڑنے پر بلایا جائے گا۔یہ معلومات یورپ میں امریکا اور اس کے نیٹو اتحادیوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان سامنے آئی ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بارہا یورپ میں امریکاکے نیٹو اتحادیوں پر ان کے دفاعی اخراجات اور ایران کے خلاف امریکی فوجی مہم کی حمایت سے انکار پر تنقید کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق نیٹو کے رکن ممالک اتحاد کے کم سربراہی اجلاس منعقد کرنے پر غور کر رہے ہیں جس کی وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ محاذ آرائی سے بچنا ہے۔

اس کے علاوہ نیٹو نے وزارتی اجلاسوں میں کمی کر دی ہے اور رکن ممالک کے رہنمائوں کی اس سال اکتوبر میں ہونے والی سالانہ میٹنگ بھی منسوخ کر دی ہے ۔ اس کے علاوہ آئندہ سال کے لیے نیٹو کے وزرائے خارجہ کی ملاقاتوں کی تعداد بھی دو سے کم کر کے ایک کر دی گئی ہے۔امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ اور وزیرخارجہ مارکو روبیو نے گزشتہ کئی اجلاسوں میں یا تو شرکت نہیں کی یا جلد ہی چلے گئے۔ امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ سرد جنگ کے خاتمے کے بعد نیٹو کو ’’کاغذی شیر ‘‘بھی قرار دے چکے ہیں۔