اسلامی یکجہتی کھیلوں میں نائیجیریا کی شاندار پیشقدمی، اوگونسانیا نے گولڈ جیت لیا

خرم شہزاد ریاض۔20نومبر (اے پی پی):چھٹے اسلامی یکجہتی کھیلوں میں نائیجیریا کے کھلاڑیوں نے ایک بار پھر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے گولڈ میڈلز کی تعداد میں اضافہ کر لیا۔ خواتین کی فری سٹائل ریسلنگ اور4x100 میٹر ریلے میں نائیجیریا نے دو مزید سونے کے تمغے اپنے نام کر لئے۔53 کلوگرام فری سٹائل ریسلنگ کے فائنل میں کرسٹیانا اوگونسانیانے ازبکستان کی شوخیدہ احمدووا کو 11-1 سے شکست دے …

خرم شہزاد

ریاض۔20نومبر (اے پی پی):چھٹے اسلامی یکجہتی کھیلوں میں نائیجیریا کے کھلاڑیوں نے ایک بار پھر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے گولڈ میڈلز کی تعداد میں اضافہ کر لیا۔ خواتین کی فری سٹائل ریسلنگ اور4×100 میٹر ریلے میں نائیجیریا نے دو مزید سونے کے تمغے اپنے نام کر لئے۔53 کلوگرام فری سٹائل ریسلنگ کے فائنل میں کرسٹیانا اوگونسانیانے ازبکستان کی شوخیدہ احمدووا کو 11-1 سے شکست دے کر عمدہ کارکردگی کے ساتھ گولڈ میڈل حاصل کیا۔ یہ مقابلہ یکطرفہ ثابت ہوا جس میں اوگونسانیا کی تکنیکی مہارت نمایاں رہی۔

اسی طرح خواتین کی 4×100 میٹر ریلے میں نائیجیریا کی نوجوان ٹیم باڈا توین، ایزیچکوو میرکل، اوموکوی ماریا اور نویقی سنتھیا نے 44.27 سیکنڈز کے شاندار وقت کے ساتھ فائنل جیت کر گولڈ میڈل حاصل کیا۔ بحرین نے 44.47 سیکنڈز کے ساتھ چاندی جبکہ گیمبیا نے 45.05 سیکنڈز کے ساتھ کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔دیگر مقابلوں میں نائیجیریا نے دو سلور اور تین برانز میڈلز بھی حاصل کئے۔

مردوں کے جیولن تھرو میں کیور سیموئل ایڈمز نے کانسی کا تمغہ جیتا، جبکہ 400 میٹر دوڑ میں بادموس اَتاندا نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ خواتین کی 400 میٹر ریس میں پیشنس اوکون جارج نے چاندی کا تمغہ جیتا۔ مردوں کی 4×100 میٹر ریلے میں نائیجیریا کی ٹیم تیسری پوزیشن پر رہی۔ریسلنگ کے ایک اور مقابلے میں خواتین کی 50 کلوگرام فری سٹائل فائنل میں میسینی جینیسس ازبکستان کی اکتیگے کونیِم جاوا کے ہاتھوں 5-1 سے شکست کھا کر سلور میڈل پر اکتفا کرنا پڑا۔تازہ کامیابیوں کے بعد نائیجیریا اب تک مجموعی طور پر آٹھ سونے، سات چاندی اور دس کانسی کے تمغے حاصل کر چکا ہے جبکہ پیرا اتھلیٹکس اور پیرا پاور لفٹنگ میں مزید تمغوں کی توقع کی جا رہی ہے۔