اسلام آباد ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ نے مالی سال 2025-26 میں ریکارڈ 25.43 ارب روپے ریونیو جمع کر لیا

چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی ہدایات کے مطابق اسلام آباد ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ نے مالی سال 2025-26 کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی خزانے میں 25.43 ارب روپے سے زائد کا ریکارڈ ریونیو جمع کرایا جو محکمہ کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے

اسلام آباد۔8جولائی (اے پی پی):چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی ہدایات کے مطابق اسلام آباد ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ نے مالی سال 2025-26 کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی خزانے میں 25.43 ارب روپے سے زائد کا ریکارڈ ریونیو جمع کرایا جو محکمہ کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔بدھ کو اسلام آباد ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مقررہ ہدف سے زیادہ ریونیو حاصل کیا گیاجس میں گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس، روڈ ٹیکس، ہوٹل ٹیکس، پروفیشنل ٹیکس اور دیگر محصولات کی وصولیوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2025-26 کے دوران ایکسائز کی مد میں 19.13 ارب روپے جبکہ ایف بی آر سے متعلق مد میں 6.30 ارب روپے سے زائدوصول کئے گئےجس کے بعد مجموعی ریونیو 25.43 ارب روپے تک پہنچ گیا۔محکمہ کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی مؤثر حکمت عملی، شفاف نظام،جدید ٹیکنالوجی، مؤثرمانیٹرنگ اور افسران واہلکاروں کی شبانہ روز محنت کا نتیجہ ہے۔

عوام کو بروقت خدمات کی فراہمی، ٹیکس نیٹ میں توسیع، ڈیجیٹلائزیشن اور ریونیو ریکوری کے مؤثر اقدامات نے بھی اس کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اسلام آباد بلال اعظم نے کہا کہ محکمہ شہریوں کو جدید، شفاف اور آسان سہولیات کی فراہمی کے لئے مسلسل کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام دوست پالیسیوں اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سےشہریوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا جس کے نتیجے میں محکمہ ریکارڈ ریونیو حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے تمام ٹیکسز اور گاڑیوں سے متعلق واجبات بروقت ادا کریں اور صرف سرکاری ذرائع سے خدمات حاصل کریں تاکہ شفاف اور مؤثر نظام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ڈائریکٹر بلال اعظم نے مزید بتایا کہ جولائی 2026 کے دوران شہری PAK AAP کے ذریعے ٹوکن ٹیکس ادا کر کے 10 فیصد رعایت سے بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

 

مزید خبریں