اسلام آباد میں ایوی ایشن کمپلیکس منصوبے کی عوامی سماعت کامیابی سے مکمل

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے اپنے اہم ایوی ایشن کمپلیکس، بلیو ایریا اسلام آباد منصوبے کے ماحولیاتی اثرات کے جائزے (ای آئی اے) کے لیے لازمی عوامی سماعت کامیابی سے مکمل کر لی

اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے اپنے اہم ایوی ایشن کمپلیکس، بلیو ایریا اسلام آباد منصوبے کے ماحولیاتی اثرات کے جائزے (ای آئی اے) کے لیے لازمی عوامی سماعت کامیابی سے مکمل کر لی۔منگل کوترجمان پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ سماعت پاکستان ماحولیاتی تحفظ ایکٹ 1997 کے تحت پاکستان ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (پاک-ای پی اے) کی نگرانی میں منعقد ہوئی جبکہ نیسپاک نے تکنیکی معاونت فراہم کی۔ سماعت کے دوران منصوبے کے ماحولیاتی جائزے، تکنیکی خصوصیات اور متعلقہ ضوابط پر عملدرآمد سے متعلق تفصیلات عوام، مقامی کمیونٹی اور دیگر متعلقہ فریقین کے سامنے پیش کی گئیں۔ شرکاء کی جانب سے پیش کیے گئے سوالات اور تجاویز کا مشاورتی ٹیم اور پی اے اے حکام نے تسلی بخش جواب دیا۔ عوامی سماعت کی کامیاب تکمیل منصوبے کی پیش رفت میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔ موصول ہونے والی آراء اور تجاویز کو حتمی ‘انوائرمنٹل امپیکٹ اسیسمنٹ’ (ای آئی اے) رپورٹ میں شامل کرکے ماحولیاتی منظوری کے لیے پاک-ای پی اے کو پیش کیا جائے گا۔ بلیو ایریا میں تعمیر کیا جانے والا جی پلس 26 منزلہ جدید ایوی ایشن کمپلیکس پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے دفاتر اور ہوابازی سے متعلق سروسز کو ایک ہی مقام پر یکجا کرنے کے ساتھ ساتھ مؤثر زمینی استعمال اور پائیدار انفراسٹرکچر کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔

مزید خبریں