اسلام آباد میں بارش، ضلعی انتظامیہ متحرک، نشیبی علاقوں اور نالوں کی خصوصی نگرانی

اسلام آباد کےمختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہےجس کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کے افسران اور اسسٹنٹ کمشنرز فیلڈ میں موجود ہیں اور نکاسی آب کے انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔

اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):اسلام آباد کےمختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہےجس کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کے افسران اور اسسٹنٹ کمشنرز فیلڈ میں موجود ہیں اور نکاسی آب کے انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔بدھ کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فیض آباد، لہتراڑ روڈ، پارک روڈ سمیت مختلف نشیبی علاقوں میں سینی ٹیشن کا اضافی عملہ تعینات کر دیا گیا ہےجبکہ ای الیون سمیت شہر بھر کے نالوں کی خصوصی مانیٹرنگ بھی جاری ہے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق نکاسی آب سے متعلق موصول ہونے والی شکایات پرفوری کارروائی کی جا رہی ہے اور متعدد کیسز کلیئر کیے جا چکے ہیں۔

جی نائن مرکز سمیت تمام بڑے کاروباری مراکز میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اضافی ٹریفک نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔بارش کےدوران شہریوں کو نالوں کےقریب جانے سے روکنے کے لیے مساجد میں اعلانات بھی کیے جا رہے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دوران بارش کسی بھی صورت نالوں کے قریب نہ جائیں۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نکاسی آب کو یقینی بنانے کے لیے سینی ٹیشن ٹیمیں مسلسل فیلڈ میں موجود ہیں اور صورتحال کی نگرانی جاری رکھی جا رہی ہے۔