اسلام آباد میں ماسٹر پلان کی 65ویں سالگرہ اور عالمی یومِ شہر کا جشن منانے کیلئے گندھارا آڈیٹوریم میں تقریب

اسلام آباد۔30اکتوبر (اے پی پی):کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے جمعرات کو اسلام آباد کے ماسٹر پلان کی 65ویں سالگرہ عالمی یومِ شہر 2025 کے موقع پر منائی۔ تقریب میں سی ڈی اے نے عزم ظاہر کیا کہ وہ 1960 کے بانی وژن جو پائیداری، جدید منصوبہ بندی اور جدت پر مبنی تھا ،کو ازسرِ نو زندہ کرے گا۔گندھارا آڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سی …

اسلام آباد۔30اکتوبر (اے پی پی):کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے جمعرات کو اسلام آباد کے ماسٹر پلان کی 65ویں سالگرہ عالمی یومِ شہر 2025 کے موقع پر منائی۔ تقریب میں سی ڈی اے نے عزم ظاہر کیا کہ وہ 1960 کے بانی وژن جو پائیداری، جدید منصوبہ بندی اور جدت پر مبنی تھا ،کو ازسرِ نو زندہ کرے گا۔گندھارا آڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ادارہ جدید ٹیکنالوجی اور پائیدار شہری طریقوں کو اپناتے ہوئے اسلام آباد کو ایک ماڈرن اور ماڈل سٹی میں تبدیل کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم 1960 کے وژن کی اصل روح کے ساتھ واپسی کر رہے ہیں تاکہ اسلام آباد کو حقیقی معنوں میں ماڈل شہر بنایا جا سکے،اب وقت آ گیا ہے کہ شہری مسائل کے بہتر حل کے لئے بہترین ٹیکنالوجیز استعمال کی جائیں۔چیئرمین سی ڈی اے نے بتایا کہ سی ڈی اے کا فوکس واٹر مینجمنٹ، سالڈ ویسٹ، ہاؤسنگ اور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹس پر ہوگا جبکہ طویل مدتی شہری استحکام کے لئے پالیسی اصلاحات کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی شہرت یافتہ کمپنیاں ماسٹر پلان کی ازسرِ نو تنظیم میں سی ڈی اے کے ساتھ کام کر رہی ہیں جبکہ ایکسپو سینٹر، سیون سٹار ہوٹل اور کرکٹ سٹیڈیم جیسے بڑے منصوبے بھی زیرِ عمل ہیں،تمام منصوبے ماحولیاتی اثرات کے تفصیلی جائزوں (EIA) کے بعد شروع کئے جا رہے ہیں۔زمین سے متعلق چیلنجز پر قابو پانے کے حوالے سے چیئرمین نے بتایا کہ سی ڈی اے سپارکو کے تعاون سے سیٹلائٹ میپنگ اور ڈیجیٹل ٹولز کے ذریعے مؤثر لینڈ مینجمنٹ پر کام کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب ادارہ C-14، C-15، C-16، I-12، E-12، E-13، D-13، اور F-13 سمیت کئی دیرینہ رہائشی سیکٹرز کی فراہمی کے لئے تیار ہے جبکہ مارگلہ انکلیو پروجیکٹ ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کے اشتراک سے تیار کیا جا رہا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے سی ڈی اے کے مختلف شعبوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کی اصل طاقت اس کی منصوبہ بندی ہے۔

آئیے اپنے شہر کے حسن کا جشن منائیں ، یہ ہمارا فخر اور ہمارا گھر ہے۔انہوں نے فنانس ونگ کو سی ڈی اے کی “ریڑھ کی ہڈی” قرار دیا جبکہ انجینئرنگ ونگ کی “شاندار کارکردگی” کی تعریف کی۔اس موقع پر انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ اسلام آباد پاکستان کی وحدت اور تنوع کی عکاسی کرتا ہے۔سلامتی ہماری طاقت ہے۔ اسلام آباد دنیا کے محفوظ ترین اور خوبصورت دارالحکومتوں میں شامل ہے جہاں سکون، سبزہ اور نظم ایک ساتھ نظر آتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پولیس سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت جدید نگرانی، ڈیجیٹل سسٹمز اور “پولیس اسٹیشن آن وہیلز کے ذریعے شہریوں کی خدمت میں مزید بہتری لا رہی ہے۔

یو این ہیبی ٹیٹ پاکستان کے سینئر ایڈوائزر جواد علی خان نے سی ڈی اے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے کا وژن اس سال کے عالمی یومِ شہر کے موضوع “People-Centred Smart Cities” سے ہم آہنگ ہے۔شہرساز کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر الماس شکور نے شہری شمولیت اور ماحول دوست منصوبہ بندی کی ضرورت پر زور دیا۔قدیم شہروں سے جدید دارالحکومتوں تک، حقیقی استحکام شہریوں کی شمولیت سے آتا ہے، ہمیں ایسے شہر بنانے ہوں گے جو نہ صرف اسمارٹ بلکہ انسان دوست ہوں۔تقریب میں ڈی جی واٹر مینجمنٹ سردار خان زِمری، ڈی آئی جی ہارون جویہ (سیف سٹی پراجیکٹ)، ڈی جی پلاننگ ارشد چوہان اور ڈی جی بلڈنگ کنٹرول فیصل نعیم نے بھی پانی، شہری تحفظ اور ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگز دیں۔بعد ازاں دن کے دوسرے حصے میں ’’اسلام آباد شہر میلہ‘‘ کے عنوان سے ایک رنگا رنگ کمیونٹی فیسٹیول ایف-9 پارک میں منعقد ہوا جس میں اسلام آباد کے 65 سالہ منصوبہ بندی کے سفر اور عالمی یومِ شہر کا جشن منایا گیا۔

فیسٹیول میں اسمارٹ انوویشن ڈسپلے، الیکٹرک گاڑیوں کی سواری، میوزیکل پرفارمنسز، ڈرم سرکل، بچوں کے تفریحی زونز اور مقامی کھانوں کے سٹالز شامل تھے۔سی ڈی اے کے ترجمان نے ’’اے پی پی ‘‘کو بتایا کہ یہ میلہ شہر کی 65 سالہ منصوبہ بندی کے ورثے کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے ساتھ شہریوں کو اس کے مستقبل کی تعمیر میں شریک کرنےکا موقع ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم یہ دکھانا چاہتے ہیں کہ جدید ٹیکنالوجی اور پائیداری کے امتزاج سے شہری زندگی کو کیسے بہتر بنایا جا سکتا ہے۔اسلام آباد، جو 1960 میں یونانی ماہرِ تعمیرات کانسٹنٹائنوس ڈاکسیادیس کے تیار کردہ ماسٹر پلان کے تحت قائم ہوا، آج اپنے سرسبز مناظر، جدید انفراسٹرکچر اور قدرتی حسن کے امتزاج کی بدولت دنیا کے بہترین دارالحکومتوں میں شمار ہوتا ہے۔

اسلام آباد شہر میلہ نے شہریوں کو اپنے شہر کی شناخت سے دوبارہ جڑنے اور پائیدار طرزِ زندگی کی نئی ٹیکنالوجیز دریافت کرنے کا موقع فراہم کیا۔ایک سینئر سی ڈی اے افسر نے کہا کہ یہ تقریب ہمارے اجتماعی فخر کی علامت ہے ، اسلام آباد صرف ایک شہر نہیں بلکہ ہمارا مشترکہ گھر ہے۔اس موقع پر شہریوں اور سیاحوں نے بھرپور شرکت کی، جس کا مرکزی نعرہ تھا،،’’ہمارا شہر، ہمارا فخر، ہمارا گھر‘‘ہر سال 31 اکتوبر کو منایا جانے والا عالمی یومِ شہر پائیدار شہری ترقی اور شمولیتی، مضبوط اور انسان دوست شہروں کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔

 

مزید خبریں