اسلام آباد۔5نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ٹھوس فضلہ کو ٹھکانے لگانے کے نظام کو جدیداور بہتر بنانے کے لیے جامع اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔دارالحکومت میں سائنٹفک ویسٹ ڈسپوزل سسٹم کی کمی کے حوالے سے توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) شہری اور دیہی علاقوں میں فضلہ …
اسلام آباد میں ٹھوس فضلہ کو ٹھکانے لگانے کے نظام کو جدیداور بہتر بنانے کے لیے جامع اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

مزید خبریں
اسلام آباد۔5نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ٹھوس فضلہ کو ٹھکانے لگانے کے نظام کو جدیداور بہتر بنانے کے لیے جامع اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔دارالحکومت میں سائنٹفک ویسٹ ڈسپوزل سسٹم کی کمی کے حوالے سے توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) شہری اور دیہی علاقوں میں فضلہ انتظام کو مضبوط بنانے کے لیے اصلاحات کو فعال طور پر نافذ کر رہی ہے۔
انہوں نے ایوان کو آگاہ کیا کہ سی ڈی اے کی نگرانی میں صفائی ستھرائی کے کارکن رہائشی علاقوں سے ٹھوس فضلہ اٹھاتے ہیں جسے پہلے سیکٹر آئی ۔11کے ویسٹ ٹرانسفر اسٹیشن پر جمع کیا جاتا ہے اور بعد میں راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ساتھ مل کر راولپنڈی کے علاقہ نوسر میں حتمی ٹھکانے کے لیے منتقل کیا جاتا ہے۔حکومت نے کارکردگی اور سروس ڈلیوری کو بہتر بنانے کے لیے ایک مربوط منصوبے کے تحت نظام کو آئوٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلی کوششوں کے برعکس، موجودہ اقدام جدید ماحولیاتی معیارات کے مطابق نظام کو اپ گریڈ کرنے پر توجہ مرکوز رکھتا ہے۔ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے دیہی علاقوں میں غیر منصوبہ بند ترقی کو منظم کرنے اور وہاں کے رہائشیوں کو شہری سیکٹرز میں دستیاب میونسپل خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایک سال کے اندر اسلام آباد کے فضلہ انتظامی نظام کو مکمل طور پر جدید بنانے کا ہدف ہے، تمام قابل عمل مطالعات اور تکنیکی جائزے مکمل ہو چکے ہیں۔ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ وہ سی ڈی اے اور متعلقہ محکموں سے قریبی رابطے میں رہتے ہیں تاکہ عوامی شکایات کو موثر طریقے سے حل کیا جا سکے،میں نے اسلام آباد کے چیلنجز کو کبھی مخفی نہیں رکھا۔انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں مسائل ہیں لیکن ہم انہیں ٹھیک کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہے ہیں، حکومت اپنی خامیوں سے انکار نہیں کرے گی وہ انہیں درست کرے گی۔








