قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک میز پر بیٹھ کر مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔
صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی، آفتاب شیرپاؤ

مزید خبریں
پشاور۔ 13 ستمبر (اے پی پی):قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک میز پر بیٹھ کر مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع مہمند کے کمالی حلیمزئی، نحقی میں مرحوم حاجی حکیم سید کے حجرہ میں ان کے فرزند ملک سلیم سردار کی قومی وطن پارٹی میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا کہ ہمارے 80 ہزار جوانوں نے ملک کی بقا اور امن کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے سنجیدہ اور مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے۔انہوں نے صوبائی حکومت پر زور دیا کہ جلسے جلوسوں کے بجائے صوبے میں امن، روزگار اور خوشحالی کے لیے عملی اور ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع کے مسائل کے حل کے لیے قومی وطن پارٹی اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ تقریب کے دوران ملک سلیم سردار نےاپنے خاندان اور دوستوں کے ہمراہ قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ تقریب سے صوبائی چیئرمین سکندر خان شیرپاؤ، صوبائی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر فاروق افضل کے علاؤہ پارٹی رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے شمولیت اختیار کرنے والوں کو خوش آمدید کہا ۔







