اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں دہشت گرد حملے کی مذمت

اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں دہشت گرد حملے کی مذمت

اقوام متحدہ۔7اگست (اے پی پی):اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں اتوار کو پولیس سٹیشن کے باہر ہونے والے خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے گھناؤنا اور بزدلانہ فعل قرار دیا ہےجس کی ذمہ داری تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)نے قبول کی ہے۔

شنہوا کے مطابق سلامتی کونسل کے ارکان نے گزشتہ روز جاری بیان میں جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ، پاکستان حکومتِ اور پاکستانی عوام سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا جبکہ زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

سلامتی کونسل نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی کی ان قابلِ مذمت کارروائیوں کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں، مالی معاونین اور ذمہ دار عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے اور انہیں ان کے جرائم کا جوابدہ ٹھہرایا جائے۔

سلامتی کونسل نے تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ اس مقصد کے لیے حکومتِ پاکستان اور متعلقہ حکام کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ سلامتی کونسل نےاس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی اپنی تمام شکلوں اور مظاہر میں عالمی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے اور تمام ریاستیں دہشت گردی سے پیدا ہونے والے خطرات کا ہر ممکن ذریعے سے مقابلہ کریں۔

واضح رہے کہ اتوار کو ایک خودکش حملہ آور نے سوات میں پولیس سٹیشن میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم مرکزی دروازے پر تعینات پولیس اہلکار نے اسے روک لیا جس پر حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ خودکش دھماکے کے وقت وقت پولیس سٹیشن کے قریب ایک امن ریلی بھی جاری تھی۔