لاہور آرٹس کونسل میں ڈرائنگ، پینٹنگ اور خطاطی کا سمر کیمپ کامیابی سے جاری ہے جہاں5 سے12 سال عمر کے30 سے زائد بچے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ فنونِ لطیفہ کی عملی تربیت حاصل کر رہے ہیں
الحمرا میں سمر کیمپ کامیابی سے جاری

مزید خبریں
لاہور۔8جولائی (اے پی پی):لاہور آرٹس کونسل میں ڈرائنگ، پینٹنگ اور خطاطی کا سمر کیمپ کامیابی سے جاری ہے جہاں5 سے12 سال عمر کے30 سے زائد بچے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ فنونِ لطیفہ کی عملی تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمرا محمد نواز گوندل نے کہا ہے کہ سمر کیمپ نئی نسل کی تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنے، ان میں جمالیاتی شعور بیدار کرنے اور انہیں فنونِ لطیفہ سے عملی طور پر جوڑنے کا ایک موثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ الحمرا کا مقصد بچوں کو ایسا مثبت اور تخلیقی ماحول فراہم کرنا ہے جہاں وہ اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو دریافت کر سکیں اور مستقبل میں بااعتماد فنکار کے طور پر آگے بڑھیں۔
سمر کیمپ میں ڈرائنگ اور پینٹنگ کی کلاسز نامور مصور عثمان خالد کی زیرِ نگرانی الحمرا آرٹ اسٹوڈیو میں منعقد ہو رہی ہیں جبکہ خطاطی کی کلاسز معروف خطاط فاطمہ وقار کی زیرِ تربیت اسلم کمال اسٹوڈیو میں جاری ہیں، دونوں شعبوں میں بچوں کو عملی مشقوں کے ذریعے فنی مہارتوں سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔کلاسز ہفتے میں تین روزباقاعدگی سے منعقد کی جاتی ہیں۔ سمر کیمپ میں شریک بچوں کا غیر معمولی شوق، لگن اور دلچسپی اس بات کا ثبوت ہے کہ نئی نسل فنونِ لطیفہ کی جانب بھرپور رجحان رکھتی ہے۔ یہ سمر کیمپ5 اگست تک جاری رہے گا جبکہ اختتامی تقریب میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بچوں میں اسناد اور انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔
لاہور آرٹس کونسل الحمرا فنونِ لطیفہ کے فروغ، نئی نسل کی تخلیقی صلاحیتوں کی آبیاری اور پاکستان کے ثقافتی ورثے کو آئندہ نسلوں تک منتقل کرنے کے لیے اپنی روایات کے مطابق سرگرمِ عمل ہے۔








