الخدمت فائونڈیشن اور یو این آئی ڈبلیو کے باہمی اشتراک سے عالمی یوم انسانیت کی مناسبت سے خصوصی تقریب

"عالمی یوم انسانیت کے موقع پر ’ضمیر کی آواز‘ کے عنوان سے تقریب کا انعقاد انسانی خدمت، ہمدردی اور فلاحی جذبے کو اجاگر کرنے کے لیے کیا گیا۔”

راولپنڈی۔19اگست (اے پی پی):الخدمت فائونڈیشن اور یونین آف این جی اوز آف دی اسلامک ورلڈ (یو این آئی ڈبلیو) کے باہمی اشتراک سے عالمی یوم انسانیت (ورلڈ ہیومینیٹیرین ڈے) کی مناسبت سے الخدمت کمپلیکس میں ’’ضمیر کی آواز‘‘ کے عنوان سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل الخدمت فائونڈیشن پاکستان سید وقاص جعفری نے کہا کہ غزہ میں لاکھوں بے گناہ شہری شدید انسانی بحران کا شکار ہیں جہاں خوراک، ادویات اور صاف پانی کی بلا تعطل اور محفوظ فراہمی عالمی برادری کی بنیادی ذمہ داری ہے، انسانی امداد کسی سیاسی، مذہبی یا نسلی وابستگی سے بالاتر ایک عالمگیر حق ہے۔انہوں نے کہا کہ یو این آئی ڈبلیو کے اشتراک سے جاری ’’ضمیر کی آواز‘‘ مہم کے تحت اعلان کردہ جنگ بندی معاہدے کے مطابق روزانہ 600 امدادی ٹرکوں کا غزہ میں داخلہ اور محفوظ انسانی راہداریوں کو ہر صورت فعال رکھا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس مہم کا مقصد کسی سیاسی یا مذہبی گروہ کی حمایت کے بجائے انسان دوست اصولوں، غیر جانبداری اور بلاامتیاز خدمت کو فروغ دینا ہے۔ سید وقاص جعفری نے پاکستان کے سیلاب اور ترکیہ و شام کے تباہ کن زلزلوں کے دوران الخدمت کی امدادی سرگرمیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بروقت رسائی ہی انسانی جانیں بچا سکتی ہے۔اس موقع پر مرکزی نائب صدر سید احسان اللہ وقاص نے ورلڈ ہیومینیٹیرین ڈے کی مناسبت سے الخدمت فائونڈیشن اور دنیا بھر میں خطرات کے باوجود انسانیت کی خدمت کرنے والے تمام رضاکاروں کے جذبے اور قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت اور یو این آئی ڈبلیو مشکل کی ہر گھڑی میں مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہیں اور عالمی برادری سے اپیل کرتی ہیں کہ بحران زدہ علاقوں میں امدادی اداروں اور ان کے رضاکاروں کو محفوظ و فعال ماحول فراہم کیا جائے تاکہ کوئی بھی انسان بنیادی ضروریات سے محروم نہ رہے۔