امارات ایئر لائن کی مسافروں کو ہوٹل میں مفت قیام کی پیش کش

ابو ظہبی ۔26مئی (اے پی پی):امارات ایئرلائن نے 26 تا 31 مئی تک مسافروں کو ہوٹل میں مفت قیام کی پیش کش کی ہے ۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق دنیا کے کسی بھی ملک سے امارات ایئر کے ذریعے سفر کرنے والے خواہ وہ امارات آئے یا وہاں سے سفر کریں انہیں مفت ہوٹل قیام سہولت فراہم کی جائے گی۔

ایئرلائن کی جانب سےکہا گیا ہے کہ فرسٹ کلاس سے سفر کرنے والوں کے لیے 2راتیں جبکہ اکانومی کلاس کے مسافروں کو ایک رات کے لیے ایئرلائن کی جانب سے مفت ہوٹل میں قیام کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

ہوٹل میں قیام کی مفت پیشکش سے مستفید ہونے کے لیے فلائٹ بکنگ کرانے کے بعد ای میل پربکنگ نمبر، فلائٹ کی تفصیلات، امارات پہنچنے کی تاریخ، مسافر کا نام اور ٹیلی فون نمبر ارسال کیا جائے جس کے بعد ایئرلائن انتظامیہ کی جانب سے مفت ہوٹل بکنگ کی کنفرمیشن ارسال کر دی جائے گی۔