میکسیکوسٹی۔10جنوری (اے پی پی):میکسیکو کی خاتون صدر کلاڈیا شین بام نے اعلان کیا ہے کہ ان کی حکومت امریکا کے ساتھ سکیورٹی رابطوں کو مضبوط کرنے پر کام کر رہی ہے۔ العربیہ کے مطابق ان کا یہ اعلان صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ان بیانات کے ایک دن بعد سامنے آیا جس میں انہوں نے منشیات فروش گروہوں بالخصوص میکسیکن گروہوں کے خلاف زمینی حملے کرنے کا عندیہ دیا تھا۔ صدر …
امریکا کے ساتھ سکیورٹی رابطوں کو مضبوط کرنے پر کام کر ر ہے ہیں ، میکسیکن صدر

مزید خبریں
میکسیکوسٹی۔10جنوری (اے پی پی):میکسیکو کی خاتون صدر کلاڈیا شین بام نے اعلان کیا ہے کہ ان کی حکومت امریکا کے ساتھ سکیورٹی رابطوں کو مضبوط کرنے پر کام کر رہی ہے۔ العربیہ کے مطابق ان کا یہ اعلان صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ان بیانات کے ایک دن بعد سامنے آیا جس میں انہوں نے منشیات فروش گروہوں بالخصوص میکسیکن گروہوں کے خلاف زمینی حملے کرنے کا عندیہ دیا تھا۔
صدر کلاڈیا شین بام نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ انہوں نے وزیر خارجہ جوآن رامون ڈی لا فوئنٹے سے کہا ہے کہ وہ امریکی وزیر خارجہ کے ساتھ براہ راست رابطہ کریں اور اگر ضرورت پڑے تو صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بات کریں تاکہ ایک موجودہ دوطرفہ سکیورٹی معاہدے کے فریم ورک کے اندر رابطوں کو مضبوط کیا جا سکے۔انہوں نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کی جانب سے میکسیکو کے ساتھ موجود اچھے سکیورٹی تعاون کی تعریف کا بھی ذکر کیا۔
قبل ازیں امریکی صدر نے اعلان کیا تھا کہ بحیرہ کیریبین اور بحر الکاہل میں منشیات کی سمگلنگ کے شبہ میں بحری جہازوں کو تباہ کرنے کے بعداب امریکا منشیات کے کارٹلز کے خلاف زمینی حملے کرے گا تاہم انہوں نے یہ وضاحت نہیں کی کہ زمینی حملے کس جگہ کئے جائیں گے۔ امریکی صدر نے ’’ فاکس نیوز ‘‘ کو انٹرویو میں کہا تھا کہ ہم کارٹلز کے خلاف زمینی حملے شروع کریں گے، کارٹلز میکسیکو کو کنٹرول کر رہے ہیں، اس ملک میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ بہت افسوسناک ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ انہوں نے اپنی میکسیکن ہم منصب پر زور دیا ہے کہ وہ منشیات کے گروہوں سے لڑنے کے لیے امریکی فوج بھیجنے کی اجازت دیں، یہ ایک ایسی تجویز ہے جسے وہ پہلے مسترد کر چکی تھیں۔میکسیکو نے حالیہ عرصے میں سرحد کو محفوظ بنانے کے لیے امریکا کے ساتھ تعاون میں اضافہ کیاہے اور 2025 میں درجنوں منشیات فروشوں کو امریکا کے حوالے کیا لیکن صدر شین بام نے بارہا اپنے ملک میں کسی بھی فوجی مداخلت کو مسترد کیاہے۔








