امریکہ ایران امن معاہدہ: وفاقی وزیر اور ارکان قومی اسمبلی کا پاکستانی قیادت کی سفارتی کوششوں کو خراج تحسین

وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت اور سماجی تحفظ، سید عمران احمد شاہ نے امریکہ اور ایران کے درمیان مفاہمت کی یادداشت کی سہولت کاری میں پاکستان کی قیادت کی مخلصانہ کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے اسے ایک بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا ہے

اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت اور سماجی تحفظ، سید عمران احمد شاہ نے امریکہ اور ایران کے درمیان مفاہمت کی یادداشت کی سہولت کاری میں پاکستان کی قیادت کی مخلصانہ کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے اسے ایک بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا ہے۔جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے امن معاہدے کو یقینی بنانے میں وزیر اعظم، چیف آف ڈیفنس فورسز اور دیگر رہنمائوں کے کردار کو سراہا اور کہا کہ اس اقدام سے عالمی سطح پر امن پسند اور ذمہ دار ملک کے طور پر پاکستان کا تشخص مزید مضبوط ہوا ہے۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری مواصلات گل اصغر خان نے کامیاب امن معاہدے پر قوم، میڈیا اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے خطے میں ایک بڑے فوجی تصادم کو ٹالنے کے لیے قائدانہ کردار ادا کرنے پر وزیر اعظم اور چیف آف ڈیفنس فورسز کا شکریہ ادا کیا۔ایم این اے مہرین بھٹو نے اس معاہدے کو ممکن بنانے میں پاکستان کے موثر سفارتی متحرک کردار پر روشنی ڈالی اور اسے بین الاقوامی سطح پر کامیاب سفارت کاری کی ایک شاندار مثال قرار دیا۔ایم این اے طاہر اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ایک تعمیری اور متوازن سفارتی کردار ادا کیا جس نے نہ صرف امن معاہدے کو یقینی بنایا بلکہ خطے کو ایک بڑے فوجی ٹکرائو سے بھی بچا لیا۔ایم این اے علی موسیٰ گیلانی نے بھی مذاکرات کو فروغ دینے اور امن معاہدے کی کامیابی کے لیے وزیر اعظم اور چیف آف ڈیفنس فورسز کی انتھک کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

مزید خبریں