امریکی ہیکر کو اربوں ڈالر مالیت کے بٹ کوائن چرانے پر پانچ سال قید کی سزا

واشنگٹن ۔15نومبر (اے پی پی):امریکی ہیکر کو اربوں ڈالر مالیت کے بٹ کوائن چوری کرنے پرپانچ سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔ الیا لکٹن سٹین نے 2016 میں بٹ فائنیکس کرپٹو کرنسی ایکس چینج کو ہیک کر کے تقریباً ایک لاکھ 20 ہزار بٹ کوائن چوری کا اعتراف کیا ہے۔بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق اس نے چوری شدہ بٹ کوائن اپنی بیوی ہیدر مورگن کی مدد …

واشنگٹن ۔15نومبر (اے پی پی):امریکی ہیکر کو اربوں ڈالر مالیت کے بٹ کوائن چوری کرنے پرپانچ سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔ الیا لکٹن سٹین نے 2016 میں بٹ فائنیکس کرپٹو کرنسی ایکس چینج کو ہیک کر کے تقریباً ایک لاکھ 20 ہزار بٹ کوائن چوری کا اعتراف کیا ہے۔بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق اس نے چوری شدہ بٹ کوائن اپنی بیوی ہیدر مورگن کی مدد سے لانڈر کیا جس نے اپنے ہپ ہاپ میوزک کو فروغ دینے کے لیے ریزل خان کا نام استعمال کرتے ہوئے ان بٹ کوائنز کو منتقل کیا۔ چوری کے وقت ایک لاکھ 20 ہزار بٹ کوائن کی مالیت تقریباً 70 ملین ڈالر تھی، لیکن ملز م کی گرفتاری کے وقت تک ان کی قیمت ساڑھے 4 ارب ڈالر سے زیادہ ہو چکی تھی اور اب اس سے بھی دوگنا زیادہ ہو چکی ہے۔

الیا لکٹن سٹین کو فروری 2022 میں گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد سےوہ اب تک جیل میں ہے ۔ الیا لکٹن سٹین نے اپنے جرم پر ندامت کا اظہار کرتے ہوئے سزا پوری کرنے کے بعد سائبر کرائم سے لڑنے کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

الیا لکٹن سٹین کی اہلیہ ہیدر مورگن نے بھی منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے جس پر اسے 18 نومبر کو سزا سنائی جائے گی۔ عدالتی دستاویزات کے مطابق الیا لکٹن سٹین نےبٹ فائنیکس کرپٹو کرنسی ایکسجینج کو ہیک کرنے کے لیے جدید ترین ہیکنگ ٹولز اور تکنیکوں کا استعمال کیا جن میں فرضی شناخت کا استعمال، فنڈز کو مختلف کرپٹو کرنسیوں میں تبدیل کرنا اور سونے کے سکے خریدنا شامل تھا۔پراسیکیوٹرز کے مطابق الیا لکٹن سٹین روس میں پیدا ہوا لیکن اس کی پرورش امریکا میں ہوئی ۔