انفورسمنٹ کارروائیوں کو مزید مؤثر، مربوط اور نتیجہ خیز بنایا جائے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر احمد مغیث

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر احمد مغیث نے پیرا سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ انفورسمنٹ کارروائیوں کو مزید مؤثر اور نتیجہ خیز بنایا جائے، خلاف ورزیوں پر بلاامتیاز قانونی کارروائی اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے

سرگودھا ۔ 14 ستمبر (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر احمد مغیث نے پیرا سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ انفورسمنٹ کارروائیوں کو مزید مؤثر اور نتیجہ خیز بنایا جائے، خلاف ورزیوں پر بلاامتیاز قانونی کارروائی اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے۔اس امر کا اظہار انہوں نے ضلعی انفورسمنٹ کمیٹی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں محکمہ ماحولیات، پیرا اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ اجلاس میں سرکاری احکامات پر عملدرآمد، گراں فروشی، ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی، تجاوزات، غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں، غیر منظور شدہ استعمال اراضی، ملاوٹ اور مضر صحت اشیاء کے خلاف کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔ احمد مغیث نے ہدایت کی کہ اسسٹنٹ کمشنرز، پرائس مجسٹریٹس اور دیگر انفورسمنٹ افسران فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں اور اہم بازاروں و حساس مقامات کی باقاعدگی سے چیکنگ کی جائے۔ مختلف محکمے باہمی رابطہ بہتر بناتے ہوئے کارروائیوں کی روزانہ اور ہفتہ وار رپورٹس مرتب کریں اور جرمانوں، ایف آئی آرز، ضبطی اور تجاوزات کے خاتمے کا مکمل ریکارڈ برقرار رکھیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری احکامات پر عملدرآمد میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔