انٹرن شپ پروگرامز سے تخلیقی صلاحیتیں، ٹیم ورک اور مسائل سے نمٹنے کی مہارتیں پروان چڑھتی ہیں، میاں کاشف اشفاق

لاہور۔17ستمبر (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ انٹرن شپ پروگرامز سے تخلیقی صلاحیتیں، ٹیم ورک اور مسائل سے نمٹنے کی مہارتیں پروان چڑھتی ہیں اور طلبہ کو صنعتوں کے اندر انڈسٹری لیڈرز اور تجربہ کار پروفیشنلز کے ساتھ کام کرنے اور سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ بدھ کو چن ون کے تعاون سے پی ایف سی کے زیراہتمام منعقدہ سمر …

لاہور۔17ستمبر (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ انٹرن شپ پروگرامز سے تخلیقی صلاحیتیں، ٹیم ورک اور مسائل سے نمٹنے کی مہارتیں پروان چڑھتی ہیں اور طلبہ کو صنعتوں کے اندر انڈسٹری لیڈرز اور تجربہ کار پروفیشنلز کے ساتھ کام کرنے اور سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔

بدھ کو چن ون کے تعاون سے پی ایف سی کے زیراہتمام منعقدہ سمر انٹرن شپ پروگرام کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 6 ہفتوں پر مشتمل یہ پروگرام شہر کی مختلف یونیورسٹیوں کے 100 طلبہ کو جدید علم اور حقیقی تجربے سے آراستہ کرنے، ڈیزائننگ کے شعبے کو مضبوط بنانے، برآمدی صلاحیت کو بڑھانے اور انہیں بین الاقوامی مارکیٹ میں کامیاب ڈیزائنرز کے ساتھ ہم آہنگ کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

یہ انٹرن شپ انہیں مارکیٹ کے عملی تقاضوں اور صارفین کی ترجیحات کو سمجھنے میں مدد دیتی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے پی ایف سی اور چن ون نقد ادائیگیوں پر ان کی نئی ڈیزائن کردہ مصنوعات واپس خریدیں گے یا وہ منافع کی تقسیم کی بنیاد پر اپنی مصنوعات کو اسٹورز پر ڈسپلے کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فرنیچر کی مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹوں میں جدید انٹیریئر اور اسٹائلش ڈیزائنز مانگ بڑھ رہی ہے۔

ایسے پروگرام نوجوانوں کی پیشہ ورانہ ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ جی ایم انٹیریئرز چن ون ماریہ توقیر نے پروگرام کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ہینڈ آن ٹریننگ اور جدید ترین ڈیزائن سافٹ ویئر اور ٹولز کے ذریعے طلبہ نئے عالمی رجحانات، پائیدار مواد اور عصری جمالیات کے بارے میں بصیرت حاصل کرتے ہیںاور وہ روایتی دستکاری اور جدید ٹیکنالوجی کے امتزاج سے ایسے ڈیزائن تخلیق کرتے ہیں جن کی بین الاقوامی فرنیچر و انٹیریئر ڈیزائن کی صنعتوں میں بہت زیادہ مانگ ہے۔ بعد ازاں تمام شرکامیں انعامات اور اسناد تقسیم کی گئیں۔ چن ون نے تمام طلبہ کو وظیفہ دے کر اس پروگرام کو سپانسر کیا۔