اسلام آباد۔12فروری (اے پی پی):انڈس کلچرل فورم کے زیر اہتمام پاکستان کی مادری زبانوں کا 11واں میلہ جمعہ 13 فروری سے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) اسلام آباد میں شروع ہوگا جس کا مقصد ملک کے ثقافتی و لسانی تنوع کو اجاگر کرنا اور مادری زبانوں کی ترویج کو فروغ دینا ہے۔ تین روزہ میلہ پی این سی اے کے تعاون سے منعقد کیا جا …
انڈس کلچرل فورم کے زیر اہتمام پاکستان کی مادری زبانوں کا میلہ 13 فروری سے شروع ہوگا

مزید خبریں
اسلام آباد۔12فروری (اے پی پی):انڈس کلچرل فورم کے زیر اہتمام پاکستان کی مادری زبانوں کا 11واں میلہ جمعہ 13 فروری سے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) اسلام آباد میں شروع ہوگا جس کا مقصد ملک کے ثقافتی و لسانی تنوع کو اجاگر کرنا اور مادری زبانوں کی ترویج کو فروغ دینا ہے۔
تین روزہ میلہ پی این سی اے کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے جس میں ملک بھر سے 150 سے زائد لکھاری، شعرا، فنکار، ثقافتی کارکنان، اہلِ قلم اور لسانیات کے ماہرین شرکت کریں گے جبکہ 70 سے زائد کتب کی رونمائی بھی کی جائے گی۔
افتتاحی تقریب جمعہ کو شام ساڑھے 5بجے پی این سی اے کے اوپن ایئر تھیٹر میں منعقد ہوگی۔ تقریب میں یونیسکو پاکستان کے چیف آف بیورو و نمائندہ ڈاکٹر فؤاد پاشائیوف کلیدی خطاب کریں گے جس کا موضوع ’’مصنوعی ذہانت اور مادری زبانوں کے لئے امکانات‘‘ ہوگا۔ وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی مہمانِ خصوصی ہوں گے۔ انڈس کلچرل فورم کے چیئرمین نصیر میمن نے کہا ہے کہ ادبی میلے فکری مباحث کے لئے مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں جہاں اہلِ قلم سماجی مسائل پر اظہارِ خیال کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مادری زبانوں کا میلہ مختلف زبانوں سے تعلق رکھنے والے مصنفین، شعرا اور فنکاروں کو اپنی زبانوں کی ترویج کا موقع فراہم کرتا ہے اور یہ زبانیں اس خطے کے صدیوں پر محیط تہذیبی ورثے کی عکاس ہیں۔ افتتاحی روز پاکستان کی مختلف زبانوں سے تعلق رکھنے والی 12 ممتاز شخصیات کو زبان و ادب کے فروغ میں گراں قدر خدمات کے اعتراف میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔
اعزاز حاصل کرنے والوں میں رائے محمد خان ناصر (پنجابی)، ڈاکٹر عبدالصبور بلوچ (بلوچی)، ایاز گل (سندھی)، علی محمد فرشی (اردو)، طاہرہ احساس جتک (براہوئی)، ممتاز غزنی (پہاڑی)، مخلص وجدانی (گوجری)، ڈاکٹر ہمایوں ہما (پشتو)، عاشق خان بزدار (سرائیکی)، محمد حنیف (ہندکو)، یاسر کیانی (پوٹھوہاری) اور حاجی ملا ادینہ شاہ (گورباتی) شامل ہیں۔
میلے کے بقیہ دو دنوں میں کثیر اللسانی مشاعرہ، کتابوں کی نمائش و رونمائی، تھیٹر، موسیقی اور ثقافتی رقص سمیت مختلف ادبی و ثقافتی سرگرمیاں منعقد ہوں گی۔ یہ میلہ عوام کے لئے مفت اور کھلا ہے۔ منتظمین نے اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح کے شہریوں، بالخصوص نوجوانوں کو شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی ثقافتی پوشاک میں آ کر پاکستان کے لسانی تنوع کے رنگوں کو قریب سے محسوس کریں۔ میلے سے متعلق مزید معلومات کے لئے انڈس کلچرل فورم کے فیس بک پیج سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔








