انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ ون ڈے کرکٹ میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ (آج) کھیلا جائیگا

نوٹنگھم ۔ 18 جون (اے پی پی) انگلینڈ اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا میچ (آج) منگل کو بوٹنگھم میں کھیلا جائیگا۔ میزبان ٹیم کو پانچ میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کے خلاف 2-0 کی برتری حاصل ہے۔ انگلینڈ نے پہلے میچ میں کینگروز کو 3 وکٹوں سے شکست دی۔ دوسرے میچ میں انگلینڈ نے کینگروز کو 38 رنز سے شکست دیکر سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کا چوتھا میچ 21 جون کو چیسٹرلی سٹریٹ میں کھیلا جائیگا جبکہ پانچ میچوں کی سیریز کا پانچواں اور آخری میچ 24 جون کو مانچسٹر میں کھیلا جائیگا اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان شڈول میں شامل واحد ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ 27 جون کو برمنگھم میں کھیلا جائیگا۔