اولڈ ائیرپورٹ جلوس کے لئے راولپنڈی ٹریفک پولیس کے خصوصی انتظامات مکمل، شہری متبادل راستے استعمال کریں

راولپنڈی ٹریفک پولیس نے اولڈ ائیرپورٹ جلوس کے سلسلے میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کی سہولت کے لئے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے ہیں

راولپنڈی۔22جون (اے پی پی):راولپنڈی ٹریفک پولیس نے اولڈ ائیرپورٹ جلوس کے سلسلے میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کی سہولت کے لئے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے ہیں جس کے تحت سرکل و سیکٹر انچارجز سمیت 60 سے زائد اہلکار اور لفٹرز تعینات کیے گئے ہیں جبکہ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دوپہر ڈیڑھ بجے سے جلوس کے اختتام تک مری روڈ اور راول روڈ کو متبادل راستوں کے طور پر استعمال کریں۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق جلوس مکان گلزار حسین شاہ سے برآمد ہو کر اولڈ ائیرپورٹ روڈ سے گزرتا ہوا ثنا عشرہ امام بارگاہ گریسی لائن پر اختتام پذیر ہوگا۔ترجمان کے مطابق جلوس برآمد ہونے پر کرال سے عمار چوک جانے والی ٹریفک کو نیشنل بینک یو ٹرن سے ٹو وے چلایا جائے گا جبکہ ٹریفک کا دباؤ بڑھنے کی صورت میں گاڑیوں کو چوہان چوک سے راول روڈ کی جانب بھی بھیجا جا سکتا ہے۔سی ٹی او راولپنڈی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور متبادل راستوں کو ترجیح دیں تاکہ ٹریفک کے دباؤ کو کم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک کی صورتحال سے متعلق شہریوں کو ایف ایم 88.6 اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے مسلسل آگاہی فراہم کی جائے گی۔سی ٹی او نے مزید ہدایت کی کہ ٹریفک وارڈنز ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ مشکوک اور لاوارث اشیاپر بھی کڑی نظر رکھیں۔