او آئی سی ممالک میں طبی تحقیق کے نئے دور کی بنیاد، الشفاء ٹرسٹ اور کامسٹیک کے زیر اہتمام عالمی کانفرنس

پاکستان سمیت او آئی سی کے رکن ممالک میں طبی تحقیق کے فروغ، جدید علاج معالجے کی تیاری

راولپنڈی۔11نومبر (اے پی پی):پاکستان سمیت او آئی سی کے رکن ممالک میں طبی تحقیق کے فروغ، جدید علاج معالجے کی تیاری اور عالمی سطح پر سائنسی تعاون کو وسعت دینے کے لیے الشفاء ٹرسٹ اور او آئی سی کی سائنسی و تکنیکی تعاون کی مستقل کمیٹی (کامسٹیک) کے اشتراک سے الشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال راولپنڈی میں بین الاقوامی کانفرنس منعقد ہوئی جس میں امریکہ، کینیڈا، سینیگال، ملائیشیا سمیت مختلف ممالک کے طبی ماہرین، سائنسدانوں، محققین، ماہرین تعلیم اور پالیسی سازوں نے شرکت کی۔ کانفرنس کا موضوع ’’پاکستان اور او آئی سی کے رکن ممالک میں کلینیکل ریسرچ کی استعداد اور جدت کو مضبوط بنانا‘‘ تھا۔

افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ او آئی سی ممالک کو طبی تحقیق میں خود انحصاری پیدا کرنے اور عالمی کلینیکل اسٹڈیز میں اپنا مؤثر کردار بڑھانے کی ضرورت ہے کیونکہ بین الاقوامی طبی تحقیقات میں مختلف جینیاتی پس منظر رکھنے والی آبادیوں کی نمائندگی محدود رہی ہے۔ الشفاء ٹرسٹ کے صدر میجر جنرل (ر) رحمت خان نے ہسپتالوں، جامعات اور تحقیقی اداروں کے درمیان مضبوط شراکت داری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سائنسی کامیابیاں مسلسل محنت، لگن اور ناکامیوں سے سیکھنے کے عمل سے حاصل ہوتی ہیں۔

ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ انوویشن و کلینیکل ٹرائل یونٹس الشفاء ٹرسٹ پروفیسر ڈاکٹر امِ صغریٰ نے الشفاء ریسرچ سینٹر کے تحقیقی ڈھانچے، جاری کلینیکل ٹرائلز، مریضوں کی شمولیت اور شواہد پر مبنی طبی سہولیات کے فروغ میں ادارے کی پیش رفت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ کانفرنس کے مہمان خصوصی نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) اسلام آباد کے ریکٹر میجر جنرل (ر) شاہد محمود کیانی نے پروفیسر ڈاکٹر امِ صغریٰ اور ان کی تحقیقی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مستقبل میں تعلیمی اور سائنسی تعاون کے لیے مکمل معاونت کی یقین دہانی کرائی۔ کانفرنس کے مختلف سائنسی سیشنز میں طبی شعبے میں مصنوعی ذہانت کے استعمال، ویکسین کی تیاری، کینسر کی تحقیق، سیل تھراپی، بائیومیڈیکل سائنسز، کلینیکل ٹرائلز اور جدید طریقہ ہائے علاج پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ او آئی سی ممالک کے درمیان تحقیقی تعاون کو فروغ دے کر عالمی طبی مطالعات میں بہتر نمائندگی، نئی ادویات کی تیاری اور جدید علاج کی راہیں ہموار کی جا سکتی ہیں۔

 

مزید خبریں