کابینہ کمیٹی برائے ضابطہ جاتی اصلاحات (سی سی او آر آر)کے 16 ویں اجلاس میں پاکستان میں وینچر کیپیٹل (وی سی) کے لیے موجودہ ضابطہ جاتی نظام کا جائزہ لیا گیا۔
کابینہ کمیٹی برائے ضابطہ جاتی اصلاحات کے 16 ویں اجلاس میں وینچر کیپیٹل اصلاحات کا جائزہ، ایس آئی ایف سی اور ایس ای سی پی کو نجی شعبے کی مشاورت سے وینچر کیپیٹل بل پر نظرثانی کی ہدایت

مزید خبریں
اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):کابینہ کمیٹی برائے ضابطہ جاتی اصلاحات (سی سی او آر آر)کے 16 ویں اجلاس میں پاکستان میں وینچر کیپیٹل (وی سی) کے لیے موجودہ ضابطہ جاتی نظام کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سرمایہ کاری کے فروغ، کاروبار کرنے میں آسانی پیدا کرنے اور وینچر کیپیٹل کے شعبے کی ترقی کے لیے سازگار ماحول کی تشکیل پر خصوصی توجہ دی گئی۔ایس آئی ایف سی کے مطابق اجلاس میں سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی جانب سے کمیٹی کی سابقہ ہدایات کی روشنی میں تیار کردہ مجوزہ وینچر کیپیٹل بل کا جائزہ بھی لیا گیا۔ اس موقع پر شعبے کی ترقی میں حائل ضابطہ جاتی اور عملی رکاوٹوں کا جائزہ لیتے ہوئے مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی شمولیت بڑھانے کے لیے اصلاحات کی ضرورت پر غور کیا گیا۔
کمیٹی نے وینچر کیپیٹل کے فروغ میں رکاوٹ بننے والے تین اہم امور کی نشاندہی کی۔ ان میں موجودہ لائسنسنگ نظام سے پیدا ہونے والی ضابطہ جاتی پیچیدگیاں اور غیر یقینی صورتحال، فنڈ اور سرمایہ کار کی سطح پر دوہری ٹیکس سمیت بلند شرح ٹیکس اور زرمبادلہ کی بیرون ملک منتقلی سے متعلق سخت شرائط شامل ہیں جو بین الاقوامی وینچر کیپیٹل منیجرز اور سرمایہ کاروں کی پاکستان میں سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی کا باعث بن سکتی ہیں۔وینچر کیپیٹل سرمایہ کاری کے لیے سازگار ضابطہ جاتی ماحول کی اہمیت کے پیش نظر کمیٹی نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) اور ایس ای سی پی کو مجوزہ بل پر مشترکہ طور پر نظرثانی کرنے کی ہدایت کی۔ اس عمل میں نجی شعبے کے نمائندوں اور متعلقہ صنعتی حلقوں سے مشاورت بھی شامل ہوگی تاکہ ان کی تجاویز اور عملی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک موثر اور سرمایہ کاری دوست قانونی فریم ورک تیار کیا جا سکے۔نظرثانی شدہ مجوزہ بل آئندہ اجلاس میں کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
اس اقدام کا مقصد باہمی ادارہ جاتی تعاون اور نجی شعبے کی مشاورت کے ذریعے ضابطہ جاتی رکاوٹوں کو دور کرنا اور نئے کاروباری منصوبوں اور ترقی کے امکانات رکھنے والے اداروں کے لیے سرمایہ کاری کا سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔اجلاس میں ضابطہ جاتی اصلاحات کے وسیع تر قومی ایجنڈے پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا جس کے تحت سات اصلاحاتی پیکیجز کی منظوری دی جا چکی ہے۔ کمیٹی نے ایس آئی ایف سی کو ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ریگولیٹری اداروں کو زیر التواء اصلاحات پر عمل درآمد کے حوالے سے موثر طور پر متحرک کیا جائے اور مقررہ مدت میں ان اصلاحات کی تکمیل یقینی بنائی جائے۔







