اپوزیشن جماعتوں کے جلسوں سے حکومت اور جمہوری نظام کو کوئی خطرہ ہے اور نہ ہی ملک میں مارشل لاءلگے گا،وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود

اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسوں میں وہی باتیں ہو رہی ہیں جو دشمن کا بیانیہ ہے، اپوزیشن حکومت کی پالیسیوں اور پروگرامز پر تنقید ضرور کرے لیکن ملکی سالمیت پر حملہ نہ کریں، اپوزیشن جماعتوں کے جلسوں سے حکومت اور جمہوری نظام کو کوئی خطرہ ہے اور نہ ہی ملک …

اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسوں میں وہی باتیں ہو رہی ہیں جو دشمن کا بیانیہ ہے، اپوزیشن حکومت کی پالیسیوں اور پروگرامز پر تنقید ضرور کرے لیکن ملکی سالمیت پر حملہ نہ کریں، اپوزیشن جماعتوں کے جلسوں سے حکومت اور جمہوری نظام کو کوئی خطرہ ہے اور نہ ہی ملک میں مارشل لاءلگے گا۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مغرب میں مذہبی آزادی کی آڑ میں مسلمانوں کے جذبات مجروح کئے جا رہے ہیں، حضورﷺ کی حرمت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، امید ہے کہ او آئی سی سمیت دیگر عالمی ادارے نوٹس لیں گے، سفیروں کو واپس بلانا اور فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنا بااثر اقدامات ہیں۔ شفقت محمود نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی گزشتہ 30 سال سے باریاں لیتی آ رہی تھیں، اپوزیشن جماعتوں کا مسئلہ یہ ہے کہ جب یہ اقتدار میں ہوں تو سب ٹھیک اور اقتدار میں نہ ہوں تو کچھ بھی ٹھیک نہیں، اپوزیشن کے لوگوں کو اقتدار کی دوری برداشت نہیں ہو رہی اسلئے ایسا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں کہ نظام کو لپیٹ دیا جائے لیکن ان کی خواہش پوری نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی اپنے ادوار میں ہر آرمی چیف کے ساتھ لڑائی رہی ہے کیونکہ یہ ہمیشہ امیرالمومنین بننے کی کوشش کرتے تھے، جو بھی بدعنوانیوں میں ان کا ساتھ نہیں دیتا تھا یہ اس کے خلاف ہو جاتے ہیں۔ وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں 2018ءانتخابات میں دھاندلی کا دعویٰ کر رہی ہیں لیکن ابھی تک عدالت نہیں گئیں، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 2013ءانتخابات کے حوالے سے چار حلقے کھولنے کا کہا تھا، جب حلقے کھولے گئے تھے تو چاروں حلقوں میں دھاندلی ثابت ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے جلسوں میں آزاد بلوچستان کی بات ہو رہی ہے جو کہ دشمن کا بیانیہ ہے، کسی بھی اپوزیشن رہنما نے اس کی مذمت نہیں کی جو کہ افسوسناک بات ہے۔ شفقت محمود نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل حل کرنے اور قومی مفادات کے معاملات پر اپوزیشن کے ساتھ بات چیت کیلئے تیار ہے لیکن جو بھی لوگ قومی خزانے کو لوٹنے میں ملوث رہے ہیں ان کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں ملک صحیح سمت کی جانب گامزن ہے، وقتی مشکلات ضرور ہیں لیکن معاشی اعشاریے بہتر ہو رہے ہیں اور حکومت عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرنے کیلئے پر عزم ہے، عوام نے پی ٹی آئی کو 5سال کا مینڈیٹ دیا ہے اور موجودہ حکومت 2023ءمیں اپنی کارکردگی کی جواب دہ ہو گی۔