اپوزیشن حکومت کے ساتھ مل کر کورونا وائرس کی دوسری لہر کا مقابلہ کرنے میں کردار ادا کرے،معاون خصوصی سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل

اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے اپوزیشن جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے حکومت کے ساتھ مل کر کورونا وائرس کی دوسری لہر کا مقابلہ کرنے میں کردار ادا کریں، پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی ذاتی مفادات کو تحفظ دینے منافقت کی سیاست کر رہی ہیں لیکن حکومت اپوزیشن کے بدعنوان رہنماﺅں …

اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے اپوزیشن جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے حکومت کے ساتھ مل کر کورونا وائرس کی دوسری لہر کا مقابلہ کرنے میں کردار ادا کریں، پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی ذاتی مفادات کو تحفظ دینے منافقت کی سیاست کر رہی ہیں لیکن حکومت اپوزیشن کے بدعنوان رہنماﺅں کو این آر او اور نہ ہی کسی قسم کی رعایت دے گی۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کے جلسے جلوسوں سے خوفزدہ نہیں ہے، حکومت کیلئے عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اسلئے اپوزیشن سے کہہ رہے ہیں کہ وہ تھوڑے عرصے کیلئے جلسے موخر کر دیں کیونکہ سیاسی سرگرمیوں سے ملک میں کورونا کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ حکومت ملک کے وسیع تر مفاد اور کورونا کے خلاف جنگ میں حکمت عملی کو بہتر بنانے کیلئے اپوزیشن کی بلاجواز تنقید کی بجائے تعمیری تنقید کا خیرمقدم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس صرف پاکستان میں نہیں بلکہ یہ عالمی ایشو ہے، حکومت نے وبا کی روک تھام کیلئے ہر سطح پر تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے ہیں تاکہ یہ مشکل چیلنج نہ بن جائے۔ معاون خصوصی نے اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ سیاسی فوائد کے حصول کیلئے مہلک وبا پر پوائنٹ سکورنگ کر رہے ہیں، اپوزیشن جب عوام کو جلسوں میں بلاتے ہیں تو انہیں ان کی صحت کا بھی خیال رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ریکارڈ جلسے کئے ہیں اور کوئی بھی جماعت اتنے بڑے جلسے نہیں کر سکتی۔