ایتھوپیا میں پاک افریقہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ کانفرنس میں شرکت کی تیاریاں مکمل کر لیں، میاں کاشف

لاہور۔12جنوری (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل نے 15 جنوری سے ایتھوپیا کے شہر ادیس ابابا میں منعقد ہونے والی 5 ویں سہ روزہ پاکستان افریقہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ کانفرنس اور سنگل کنٹری نمائش میں شرکت کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ اتوار کو پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے ماریہ توقیر جی ایم انٹیریئرز چن ون کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران …

لاہور۔12جنوری (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل نے 15 جنوری سے ایتھوپیا کے شہر ادیس ابابا میں منعقد ہونے والی 5 ویں سہ روزہ پاکستان افریقہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ کانفرنس اور سنگل کنٹری نمائش میں شرکت کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔

اتوار کو پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے ماریہ توقیر جی ایم انٹیریئرز چن ون کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب تجارتی تعلقات کو فروغ دینے اور فرنیچر سیکٹر سمیت پاکستان کی فروغ پذیر صنعتوں کو افریقی منڈیوں میں متعارف کرانے کیلئے ایک اہم پلیٹ فارم مہیا کرے گی، پی ایف سی کی شرکت کا مقصد اعلی کوالٹی فرنیچر اور دستکاری کی ایک وسیع رینج کی نمائش کرنا ہے جو پاکستان کے بھرپور ثقافتی ورثے کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ نمائش کاروباری روابط کو مضبوط کرنے، برآمدی منڈیوں کی تلاش اور افریقی ممالک کے ساتھ تجارتی تعاون کو بڑھانے کا منفرد موقع فراہم کرے گی، افریقہ میں فرنیچر کی برآمدات کو وسعت دینے کے بے پناہ امکانات موجود اور کونسل اس بارے میں بہت پر امید ہے۔

میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ اس نمائش کا اہتمام وفاقی وزارت تجارت اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے کیا ہے، پی ایف سی کی شرکت عالمی سطح پر پاکستانی فرنیچر کی موجودگی کو فروغ دینے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے اور یہ ابھرتی ہوئی افریقی مارکیٹوں میں برآمدات کو فروغ دینے میں بھر پور کردار ادا کرے گی۔