ایرانی ڈرون امریکی لڑاکا طیارے کے انتہائی قریب پہنچ گیا

واشنگٹن ۔ 09 اگست (اے پی پی) ایک ایرانی ڈرون امریکی بحریہ کے لڑاکا طیارے سے محض 30 میٹر کے فاصلے تک پہنچ گیا جو طیارہ بردار امریکی بحری جہاز یوایس ایس نمٹز پر اترنے والا تھا۔ یہ جہاز اس وقت خلیج فارس کے سفر پر ہے۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی فوج کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جس وقت ایک امریکی لڑاکا جیٹ ایف۔ اے 18ای طیارہ بردار جہاز کے عرشے پر اتر رہا تھا ، تو ایک ایرانی ڈرون کیوکیو ایم ون خطرناک حد تک اس کے قریب آگیا۔امریکی طیارے کو تصادم سے بچنے کے ہنگامی طور پر اپنا راستہ بدلنا پڑا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ طیارہ بردار جہاز کے عہدے داروں نے کئی ریڈیو پیغامات بھیجے کہ ڈرون کو اس مقام سے دور رکھا جائے۔امریکی بحریہ کے ایک عہدے دار نے وائس آف امریکا کو بتایا کہ ایرانی ڈرون تین گھنٹوں سے طیارہ بردار جہاز کے گرد چکر لگا رہا تھا۔ اور وہ غیر مسلح تھا۔