ایران نے یوکرینی مسافر طیارے کو مار گرانے کا اعتراف کرتے ہوئے اسے انسانی غلطی قرار دیا

تہران۔ 11 جنوری (اے پی پی)ایران کی فوج نے اعتراف کر لیا ہے کہ انھوں نے غیر ارادی طور پریوکرین کا مسافر طیارہ مار گرایا تھا۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ایک بیان میں ایرانی فوج کا کہنا تھا کہ یہ ایک انسانی غلطی کی بنا پر اس وقت ہوا جب طیارے نے ایران کے پاسدارانِ انقلاب سے منسلک حساس مقام کے قریب پرواز کی، اس حادثے میں ملوث افراد کا …

تہران۔ 11 جنوری (اے پی پی)ایران کی فوج نے اعتراف کر لیا ہے کہ انھوں نے غیر ارادی طور پریوکرین کا مسافر طیارہ مار گرایا تھا۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ایک بیان میں ایرانی فوج کا کہنا تھا کہ یہ ایک انسانی غلطی کی بنا پر اس وقت ہوا جب طیارے نے ایران کے پاسدارانِ انقلاب سے منسلک حساس مقام کے قریب پرواز کی، اس حادثے میں ملوث افراد کا احتساب ہو گا۔ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہنا تھا کہ یہ ایک افسوس ناک دن ہے، افواج کی اندرونی تحقیقات کے مطابق امریکی جنگی جنون کی وجہ سے اس بحران کے موقع پر یہ انسانی غلطی پیش آئی ہے، ہم تمام ممالک کے متاثرین اور ان کے خاندانوں سے معذرت خواہ ہیں اور ان سے تعزیت کرتے ہیں۔اس سے قبل کینیڈا، امریکہ اور برطانیہ نے دعوی کیا تھا کہ انھیں متعدد ذرائع سے ملنے والی معلومات سے اشارہ ملتا ہے کہ یہ طیارہ ایران کے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کا نشانہ بنا۔ جبکہ کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا تھا کہ ممکن ہے کہ یہ عمل غیرارادی طور پر ہوا۔واضح رہے کہ یوکرین کی بین الاقوامی فضائی کمپنی کی پرواز پی ایس 752 بدھ کو ایران کے دارالحکومت تہران سے پرواز کے چند ہی منٹ بعد گِر کر تباہ ہو گئی تھی۔ اس حادثے میں طیارے پر سوار مسافروں اور عملے کے اراکین سمیت تمام 176 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔یہ طیارہ تہران سے یوکرین کے دارالحکومت کیف جا رہا تھا اور پرواز کے محض آٹھ منٹ بعد ہی گر کر تباہ ہو گیا تھا۔