ایس ایس ڈی او نے وفاقی دارالحکومت میں خواتین کے خلاف تشدد سے متعلق اپنی تازہ ششماہی فیکٹ شیٹ جاری کر دی

اسلام آباد۔7نومبر (اے پی پی):سسٹین ایبل سوشل ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ایس ایس ڈی او ) نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جنوری تا جون 2025 کے دوران خواتین کے خلاف تشدد سے متعلق اپنی تازہ فیکٹ شیٹ جاری کی ہے جس کے مطابق اس عرصے میں خواتین پر تشدد کے 373 کیسز رپورٹ ہوئے۔ یہ معلومات  پولیس ڈیپارٹمنٹ سے معلومات کے حق (RTI) کے تحت حاصل کی گئی ہیں ۔ رپورٹ …

اسلام آباد۔7نومبر (اے پی پی):سسٹین ایبل سوشل ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ایس ایس ڈی او ) نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جنوری تا جون 2025 کے دوران خواتین کے خلاف تشدد سے متعلق اپنی تازہ فیکٹ شیٹ جاری کی ہے جس کے مطابق اس عرصے میں خواتین پر تشدد کے 373 کیسز رپورٹ ہوئے۔ یہ معلومات  پولیس ڈیپارٹمنٹ سے معلومات کے حق (RTI) کے تحت حاصل کی گئی ہیں ۔

رپورٹ کے کے مطابق کل رپورٹ شدہ کیسز میں سے 309 کیسز زیادتی اور اغوا کی مشترکہ کیٹیگری میں درج ہوئے، جو مجموعی واقعات کا تقریباً 83 فیصد ہیں۔ جسمانی تشدد کے 42 کیسز (11%) ، ہراسانی کے 17، سائبر کرائم کے 3 اور غیرت کے نام پر قتل کے 2 کیسز رپورٹ ہوئے۔فیکٹ شیٹ کے نتائج سے یہ تاثر ملتا ہے کہ تحقیقات اور پراسیکیوشن کے عمل میں سنگین نظامی خامیاں موجود ہیں۔

ایس ایس ڈی او کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید کوثر عباس نے کہا ہے کہ یہ نہایت تشویشناک امر ہے کہ سینکڑوں کیسز رپورٹ ہونے کے باوجود کسی ایک بھی کیس میں سزا نہیں ہوئی۔ ہم پولیس، پراسیکیوشن اور عدلیہ سے اپیل کرتے ہیں کہ فوری طور پر مشترکہ اقدامات کر کے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں ۔

ایس ایس ڈی او نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عدلیہ پر زور دیا ہے کہ تحقیقات کے طریقۂ کار کو مضبوط بنایا جائے، مقدمات کی سماعت کو تیز کیا جائے اور متاثرہ خواتین کے لیے تحفظ اور معاونت کے نظام کو بہتر بنایا جائے۔ تنظیم نے زور دیا کہ انصاف کے خلا کو پُر کرنے اور خواتین پر تشدد کے کیسز میں جوابدہی اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ اور مربوط اقدامات ناگزیر ہیں۔