فیصل آباد ، مسیحی برادری کی دعائیہ تقریبات کے لیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات
فیصل آباد ، مسیحی برادری کی دعائیہ تقریبات کے لیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 13 ستمبر (اے پی پی):فیصل آباد پولیس نے مسیحی برادری کی دعائیہ تقریبات اور مذہبی عبادات کے پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے۔ترجمان طارق جٹ کے مطابق مسیحی برادری کی اتوار کو ہونے والی دعائیہ تقریبات کے پُرامن انعقاد کے لئے ضلع بھر کے تمام چرچز کی سکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھا گیا تاکہ مسیحی برادری کے افراد بلا خوف و خطر اپنی مذہبی رسومات ادا کر سکیں۔ اس مقصد کے لیے چرچز اور ان کے اطراف میں سکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے جبکہ سینئر پولیس افسران خود فیلڈ میں موجود رہ کر صورتحال کی نگرانی کرتے رہے۔انہوں نے کہا کہ سکیورٹی ڈیوٹی کے لیے ضلع بھر سے 1100 سے زائد پولیس افسران و اہلکاروں کو تعینات کیا گیا۔
ڈیوٹی پر مامور تمام اہلکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عبادات کے دورانیے میں چوکس اور الرٹ رہیں۔ ڈیوٹی کی موثر نگرانی کے لیے سینئر پولیس افسران مختلف چرچز کا دورہ کر کے سکیورٹی انتظامات کا خود بھی جائزہ لیتے رہے۔انہوں نے بتایا کہ نگرانی کے جدید نظام کو بھی موثر طریقے سے استعمال میں لایا گیا۔ سیف سٹی کیمروں اور سی سی ٹی وی سسٹم کے ذریعے چرچز اور گردونواح کی مکمل مانیٹرنگ کی گئی جبکہ واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرز کے ذریعے عبادت گاہوں میں آنے والے ہر فرد کی سخت چیکنگ کی گئی اس کے علاوہ داخلی و خارجی راستوں پر موثر چیکنگ کا نظام نافذ کیا گیا تاکہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کو بروقت روکا جا سکے۔
ایلیٹ فورس، ڈولفن فورس اور پولیس کی مختلف موبائل ٹیمیں چرچز اور ارد گرد کے علاقوں میں مسلسل گشت کرتی رہیں۔ پولیس کی جانب سے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے سکیورٹی کے انتظامات کو ہر لحاظ سے فول پروف بنایا گیا جبکہ متعلقہ پولیس افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں سکیورٹی صورتحال پر مسلسل نظر رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں۔
اس موقع پر سی پی او فیصل آباد تنویر حسین نے کہا کہ مسیحی برادری کی جان و مال اور عبادت گاہوں کا تحفظ فیصل آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات ہر صورت یقینی بنائے جائیں گے۔







