ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے غذائی تحفظ کیلئے 2030 تک 40 ارب ڈالر کی مالی معاونت کاہدف مقرر

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی)نے غذائی تحفظ کیلئے 2030 تک 40 ارب ڈالر کی مالی معاونت کاہدف مقررکیاہے۔

اسلام آباد۔17مارچ (اے پی پی):ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی)نے غذائی تحفظ کیلئے 2030 تک 40 ارب ڈالر کی مالی معاونت کاہدف مقررکیاہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق بینک نے ایشیا اور بحرالکاہل کے خطہ میں غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے کے لئے 2022سے لے کر2025 کے دوران غذائی تحفظ کیلئے 14 ارب ڈالر کے فنڈز کی فراہمی کے اپنے وعدوں سے زیادہ مالی معاونت فراہم کی ہے ، بینک اضافی فنڈنگ اور توسیع شدہ شراکت داریوں کے ذریعے خطے کے غذائی نظام میں ہمہ گیر تبدیلی کے وسیع تر ایجنڈے کو بھی آگے بڑھا رہا ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر مساتوکاندا نے ایشیا وبحرالکاہل فوڈ سسٹمز فورم 2026 سے اپنے خطاب میں کہاکہ ایشیا اور بحرالکاہل کے غذائی نظام ایک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں، بینک نے 2022 سے 2025 کے دوران 14 ارب ڈالر سے زائد فنڈزفراہم کئے جس کے ذریعے 6 کروڑ 20 لاکھ کسانوں تک رسائی حاصل ہوئی اور 5 لاکھ سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہوئے۔

انہوں نے کہاکہ بینک نے اب 2030 تک 40 ارب ڈالر کی مالی معاونت کا ایجنڈاتشکیل دیا ہے تاکہ غذائی نظام کو اس انداز میں تبدیل کیا جا سکے کہ وہ انسانوں کی غذائی ضروریات پوری کریں، قدرتی ماحول کا تحفظ کریں اور دیہی علاقوں میں جامع ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کریں۔ انہوں نے کہاکہ 2026 سے 2030 کے دوران غذائی تحفظ کے لئے مزید 26 ارب ڈالرمالی معاونت فراہم کی جائے گی جس کے ساتھ نجی سرمایہ کاری کے فروغ اور سٹریٹجک شراکت داریوں کو بھی وسعت دی جائے گی۔ بینک نے مئی 2025 میں 2030 تک 40 ارب ڈالر متحرک کرنے کا ہدف بھی مقرر کیا تھا تاکہ مضبوط غذائی نظام کی تشکیل میں مدد دی جا سکے۔انہوں نے کہاکہ کہ بینک2030 تک 19 کروڑ سے زائد چھوٹے کسانوں تک رسائی حاصل کرنا چاہتاہے۔ فورم میں بتایاگیاکہ غذائی تحفظ سے متعلق سرمایہ کاری پروگراموں کے تحت جنوب مشرقی ایشیا میں 8 ارب ڈالر، جنوبی ایشیا میں 7 ارب ڈالر، وسطی و مغربی ایشیا میں 3.5 ارب ڈالر اور نجی شعبے میں 7.5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائیں گی۔