ایف آئی اے اسلام آباد نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث مطلوب ملزم کو گرفتار کر لیا

ایف آئی اے اسلام آباد نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث مطلوب ملزم کو گرفتار کر لیا

اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) اسلام آباد زون نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث مطلوب ملزم کو مبینہ طور پر ملک سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران گرفتار کر لیا۔ امیگریشن کلیئرنس کے دوران ’’انٹیگریٹڈ بارڈر مینجمنٹ سسٹم‘‘ (آئی بی ایم ایس) کی ’’اسٹاپ لسٹ‘‘ میں اس کا نام آنے پر الرٹ جاری ہوا تھا۔ایف آئی اے حکام نے اتوار کو ’’اے پی پی ‘‘ کو بتایا کہ اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (اے ایچ ٹی سی ) اسلام آباد نے ملزم ابراہیم خان کو گرفتار کیا جو انسانی اسمگلنگ کے مقدمہ نمبر 290/2025 میں مطلوب تھا۔مقدمہ کے مطابق ملزم اور اس کے ساتھیوں نے متاثرین سے فی کس 22 لاکھ روپے کے عوض ڈنمارک کے لیے روزگار کے ویزے (ایمپلائمنٹ ویزے) کا انتظام کرنے کا وعدہ کیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ طے شدہ رقم کا بیشتر حصہ متاثرین کی جانب سے پہلے ہی ادا کیا جا چکا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ابراہیم خان بیرونِ ملک سفر کرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ امیگریشن کلیئرنس کے دوران آئی بی ایم ایس میں اس کی تفصیلات پر ‘اسٹاپ لسٹ ہٹ’ (الرٹ) ظاہر ہوا جس کے نتیجے میں اسے گرفتار کر لیا گیا۔بعد ازاں ملزم کو مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے حوالے کر دیا گیا۔حکام نے کہا کہ مقدمے میں ملزم کے دیگر ساتھیوں اور سہولت کاروں کے کردار کا تعین کرنے کے لیے تفتیش جاری ہے۔