مینز جونئیر ایشیا کپ 2026 ، پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے ملائیشیا کو 2-4 سےہرا کر برونز میڈل حاصل کر لیا

مینز جونئیر ایشیا کپ 2026 ، پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے ملائیشیا کو 2-4 سےہرا کر برونز میڈل حاصل کر لیا

اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):مینز جونئیر ایشیا کپ 2026 کے برونز میڈل میچ میں پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے ملائیشیا کو 2-4 گول سے شکست دے کر تیسری پوزیشن اور برونز میڈل حاصل کر لیا۔ میچ کا آغاز ملائیشیا کی جانب سے جارحانہ انداز میں ہوا جس نے کھیل کے 11 ویں منٹ میں آدم جوہری کے فیلڈ گول اور 13 ویں منٹ میں فہمی سوزینی کے پینلٹی کارنر گول کی بدولت 0-2 کی برتری حاصل کر لی تھی۔

تاہم پاکستان جونیئر ٹیم نے بہترین حکمت عملی اور شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ میں زبردست واپسی کی۔پاکستان کی جانب سے رانا عبد السمیع نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 34 ویں اور 47 ویں منٹ میں دو فیلڈ گول سکور کر کے مقابلہ 2-2 سے برابر کر دیا۔

اس کے بعد 52 ویں منٹ میں محمد شہیر نے پینلٹی کارنر کو گول میں بدل کر پاکستان کو ملائیشیا کے خلاف 2-3 کی برتری دلا دی۔ کھیل کے 56 ویں منٹ میں ولید رانا نے پینلٹی سٹروک پر گول کر کے پاکستان کی فتح 2-4 سے یقینی بنا دی۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے قومی جونیئر ٹیم اور آفیشلز کو اس فتح اور برونز میڈل حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔