نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی گذشتہ ماہ کی کارکردگی

نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی گذشتہ ماہ کی کارکردگی

اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے اگست 2026 کے دوران ملک بھر میں مسافروں کو بروقت امداد کی فراہمی، روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین سے آگاہی سمیت مختلف کارروائیوں کے تحت نمایاں خدمات انجام دیں۔اتوار کو ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق گذشتہ ماہ موٹروے پولیس نے ایک لاکھ 79 ہزار سے زائد مسافروں کو دورانِ سفر مختلف نوعیت کی بروقت امداد فراہم کی۔اس دوران 16 لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیورات اور 21 لاکھ 46 ہزار روپے مالیت کے قیمتی موبائل فونز تلاش کرکے ان کے اصل مالکان کے حوالے کیے گئے۔

ترجمان کے مطابق روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین سے آگاہی کے لیے ملک بھر میں 280 آگاہی پروگرامز منعقد کیے گئے جبکہ مختلف ٹول پلازوں پر 30 لاکھ 36 ہزار سے زائد شہریوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔موٹروے پولیس نے کارروائیوں کے دوران 19 گمشدہ بچوں کو بحفاظت ان کے والدین کے حوالہ کیا ۔ترجمان نے بتایا کہ قومی شاہراہوں پر 11 وارداتیں ناکام بناتے ہوئے 12 ملزمان کو گرفتار کرکے متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کیا گیا۔ موٹروے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 300 کلوگرام مضر صحت گوشت برآمد کرکے ملزمان کو گرفتار بھی کیا۔