ایف آئی اے سرگودھا نے انسانی سمگلروں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران تین ملزمان کو گرفتار کر لیا
ایف آئی اے سرگودھا کا انسانی سمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن، تین ملزمان گرفتار

مزید خبریں
سرگودھا۔ 19 جولائی (اے پی پی):ایف آئی اے سرگودھا نے انسانی سمگلروں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے فیصل آباد زون کی ہدایات پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے سرگودھا سرکل احسن علی ہانی باجوہ کی نگرانی میں انسانی سمگلنگ اور ویزہ فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ایف آئی اے سرگودھا سرکل نے تین مختلف مقدمات میں مطلوب ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے سرگودھا احسن علی ہانی باجوہ نےاےپی پی کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ صائمہ جبین کو ایف آئی آر نمبر 92/2025 کے تحت گرفتار کیا گیا۔ ملزمہ پر الزام ہے کہ اس نے مدعی سے اس کے چار عزیزوں کو ملازمت کے ویزے پر پرتگال بھجوانے کا جھانسہ دے کر 24 لاکھ روپے وصول کیے، تاہم نہ انہیں بیرون ملک بھجوایا اور نہ ہی رقم واپس کی۔ دوسری کارروائی میں چوہدری محمد اکمل کو ایف آئی آر نمبر 141/2026 کےتحت گرفتارکیا گیا۔ ملزم پر الزام ہے کہ اس نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر مدعی سے اس کے بھائی کو ملازمت کے ویزے پر سعودی عرب بھجوانے کے نام پر 10 لاکھ روپے وصول کیے، لیکن نہ ویزہ فراہم کیا اور نہ ہی رقم واپس کی۔ اسی طرح تیسری کارروائی میں میاں امیر اکبر میانہ، مالک کاروان زکریا ٹریولز اینڈ ٹورز میانوالی کو ایف آئی آر نمبر 232/2024 کے تحت گرفتار کیا گیا۔ ملزم پر الزام ہے کہ اس نے مدعی اور اس کے تین دیگر رشتہ داروں کو عمرہ ویزے پر سعودی عرب بھجوانے کا جھانسہ دے کر 8 لاکھ 48 ہزار روپے وصول کیے، مگر نہ عمرہ ویزے کا انتظام کیا اور نہ ہی رقم واپس کی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے سرگودھا احسن علی ہانی باجوہ نے کہا کہ انسانی سمگلنگ اور ویزہ فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی جبکہ گرفتار تینوں ملزمان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ بیرون ملک ملازمت یا سفر کے لیے صرف قانونی اور مستند ذرائع سے رجوع کریں تاکہ دھوکہ دہی سے بچا جا سکے۔







