این ڈی ایم اے کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلئے ہنگامی امداد کی فراہمی جاری، ترجمان این ڈی ایم اے‎‎

اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمینٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) کے ترجمان نے کہا ہے سیلاب متاثرین کیلئے ہنگامی امداد کی فراہمی جاری ہے۔

اتوار کو جاری بیان میں ترجمان این ڈی ایم اےکہا ہے کہ سب سے زیادہ امدادی سامان بلوچستان کے متاثرہ علاقوں میں پہنچایا گیا ہے۔ اب تک 39 ہزار افراد کیلئے راشن بیگز مہیا کئے گئے ہیں جبکہ45 ہزار سے زائد متاثرین کیلئے خیمے بھی بلوچستان پہنچائے گئے ہیں۔ اسی طرح6 ہزار ترپالیں، 7 ہزار مچھر دانیاں، 3 ہزار سے زائد کمبل بھی سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے مہیا کیے گئے ہیں۔

مزید برآں 55 ڈی واٹرنگ پمپس اور 50 جنریٹر بھی بھجوائے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین سیلاب کیلئے دیگر امدادی سامان میں کچن سیٹ، حفظانِ صحت کٹس اور کیمیکل سپرے مشینز بھی شامل ہیں جبکہ بلوچستان کیلئے 14 اگست کو مزید امدادی سامان روانہ کیا جا رہا ہے۔ تازہ کھیپ میں 60 ہزار افراد کیلئے ترپالیں، کمبل اور مچھر دانیاں روانہ کی جا رہی ہیں جبکہ 200 سکول خیمے بھی امدادی سامان کا حصہ ہیں۔

آج روانہ کئے جانے والے امدادی سامان میں 35 جنریٹرز اور 30 ڈی واٹرنگ پمپس بھی شامل ہیں جبکہ ریلیف سامان میں 5 ہزار راشن بیگز اور متاثرین کیلئے 3 ہزار واٹر جیری کین بھی روانہ کئے جانے والے امدادی سامان کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہ سعودی ریلیف کیجانب سے بلوچستان متاثرین کیلئے فراہم کردہ ایک ہزار راشن بیگز بھی روانہ کئے جا رہے ہیں۔