ایچ ای سی کا بیرونِ ملک اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند طلبہ کے لئے عوامی انتباہ جاری
ایچ ای سی کا بیرونِ ملک اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند طلبہ کے لئے عوامی انتباہ جاری

مزید خبریں
اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے بیرونِ ملک اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند طلبہ کے لئے ایک اہم عوامی انتباہ جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سپرنگ 2026 سے ایسی غیر ملکی ڈگریوں کو تسلیم نہیں کیا جائے گا جو بظاہر آن کیمپس یا روایتی (Conventional) پروگراموں کے طور پر رجسٹرڈ ہوں لیکن عملی طور پر مکمل طور پر آن لائن یا بلینڈڈ (مخلوط) طریقہ تعلیم کے ذریعے حاصل کی گئی ہوں اور متعلقہ ملک کی ریگولیٹری یا ایکریڈیٹیشن اتھارٹی نے اس انتظام کی باقاعدہ منظوری دے رکھی ہو۔
ایچ ای سی کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری میں طلبہ اور والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ بیرونِ ملک کسی بھی جامعہ میں داخلہ لینے سے قبل پروگرام کے منظور شدہ طریقہ تعلیم کی مکمل تصدیق کریں، خواہ وہ آن کیمپس، آن لائن یا بلینڈڈ لرننگ ہو۔ کمیشن نے زور دیا کہ طلبہ اس امر کو یقینی بنائیں کہ متعلقہ پروگرام کا طریقہ تعلیم متعلقہ ملک کے ریگولیٹر یا ایکریڈیٹر سے منظور شدہ ہو اور اگر پروگرام میں جسمانی حاضری یا رہائش کی شرط موجود ہو تو اسے بھی مکمل کیا جائے۔ ایڈوائزری کے مطابق ہر غیر ملکی ڈگری کےمساوی (Equivalence) کی درخواست کا انفرادی بنیادوں پر جائزہ لیا جاتا ہے، اس عمل کے دوران جامعہ کی قانونی حیثیت، پروگرام کی منظوری، تعلیم کے طریقہ کار، دورانیے اور دیگر متعلقہ شرائط کا تفصیلی معائنہ کیا جاتا ہے۔
ایچ ای سی نے طلبہ کو مشورہ دیا ہے کہ بیرونِ ملک داخلہ لینے سے پہلے متعلقہ یونیورسٹی اور پروگرام کی منظوری، ایکریڈیٹیشن اور تدریسی طریقہ کار کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کریں تاکہ مستقبل میں ڈگری کی مساوی یا شناخت کے حوالے سے کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ کمیشن کے مطابق غیر ملکی ڈگریوں کے مساوی کے لئے درخواستیں آن لائن پورٹل کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہیں اور ہر درخواست کا فیصلہ اس کے انفرادی میرٹ اور مقررہ ضوابط کے مطابق کیا جاتا ہے۔








