لندن۔6نومبر (اے پی پی):ایکسل ایگزیبیشن سینٹر لندن میں جاری ورلڈ ٹریول مارکیٹ کے ابتدائی 2 دنوں میں ہزاروں بین الاقوامی سیاحوں اور ٹور آپریٹرز نے پاکستانی پویلین کا رخ کیا۔پاکستانی پویلین کو علاقائی ثقافتی رنگوں سے مزین کیا گیا ہے جہاں بڑی تعداد میں سیاحت کے شوقین افراد، بین الاقوامی ٹریول کمپنیوں کے نمائندگان، صحافی اور وی لاگرز موجود تھے۔ پویلین میں پاکستان کے قدرتی مناظر اور ثقافتی ورثے کو …
ایکسل ایگزیبیشن سینٹر لندن میں جاری ورلڈ ٹریول مارکیٹ کے ابتدائی 2 دنوں میں ہزاروں بین الاقوامی سیاحوں اور ٹور آپریٹرز کا پاکستانی پویلین کا رخ

مزید خبریں
لندن۔6نومبر (اے پی پی):ایکسل ایگزیبیشن سینٹر لندن میں جاری ورلڈ ٹریول مارکیٹ کے ابتدائی 2 دنوں میں ہزاروں بین الاقوامی سیاحوں اور ٹور آپریٹرز نے پاکستانی پویلین کا رخ کیا۔پاکستانی پویلین کو علاقائی ثقافتی رنگوں سے مزین کیا گیا ہے جہاں بڑی تعداد میں سیاحت کے شوقین افراد، بین الاقوامی ٹریول کمپنیوں کے نمائندگان، صحافی اور وی لاگرز موجود تھے۔ پویلین میں پاکستان کے قدرتی مناظر اور ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے والے بروشرز، پوسٹرز، پمفلٹس اور بڑی ایل ای ڈی سکرینز آویزاں ہیں۔

وزارت بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے زیر اہتمام پنجاب ٹورازم، سندھ ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن، خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی ، گلگت بلتستان ٹورازم ڈیپارٹمنٹ اور نجی شعبے کی شراکت سے قائم پاکستان ٹورازم پویلین کو ورلڈ ٹریول مارکیٹ لندن 2025 میں غیر معمولی طور پر مثبت اور بھرپور عوامی ردعمل حاصل ہو رہا ہے۔

اس موقع پر وزیرِاعظم کے کوآرڈینیٹر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خان نے ورلڈ ٹریول مارکیٹ میں پی ٹی ڈی سی اور تمام شریک اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی مشترکہ شمولیت پاکستان کے سیاحتی تشخص کو مضبوط بناتی ہے، سوشل نیٹ ورکس، بزنس ٹو بزنس ملاقاتوں، شراکت داریوں اور میڈیا کی دلچسپی کے ذریعے سیاحتی مواقع میں اضافہ ہوتا ہے اور عالمی ٹورازم انڈسٹری کے رجحانات سے قیمتی رہنمائی حاصل ہوتی ہے۔

منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی آفتاب الرحمٰن رانا نے کہا کہ پاکستان قدرتی حسن، ثقافتی تنوع اور تاریخی ورثے سے مالا مال ملک ہے، عالمی سطح کی نمائشوں میں شرکت پاکستان کو ایک سیاح دوست ملک کے طور پر اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ورلڈ ٹریول مارکیٹ لندن دنیا کی سب سے بڑی سیاحتی نمائشوں میں سے ایک ہے جو ہزاروں عالمی خریداروں کو مختلف ممالک اور سیاحتی برانڈز سے متعارف کراتی ہے۔








