بارودی ذہن اور دل میں نفرت کی آگ رکھنے والے گمراہوں نے تاریخی، نادر و نایاب ورثہ ریڈیو پاکستان پشاور کو جلا کر خاکستر کیا، ان ظالموں کو جرائم کا حساب دینا ہوگا، مریم اورنگزیب

مریم اورنگزیب

اسلام آباد۔25مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بارودی ذہن اور دل میں نفرت کی آگ رکھنے والے گمراہوں نے قومی وقار، یادگاروں، ایمبولینسوں کے ساتھ ساتھ تاریخی، نادر و نایاب ورثہ ریڈیو پاکستان پشاور کو جلا کر خاکستر کیا، ان ظالموں کو جرائم کا حساب دینا ہوگا۔

جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات نے ریڈیو پاکستان پشاور کی جلی ہوئی عمارت کی ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے کہا کہ سوچی سمجھی، منظم منصوبہ بندی اور ذہن سازی کے تحت وطن فروش آلہ کاروں نے 9 مئی کو ریڈیو پاکستان کی عمارت نذر آتش کر کے سیاہ جرم کیا۔

ریڈیو پاکستان پشاور سے آزادی اور پاکستان کے قیام کا تاریخ ساز اعلان ہوا تھا۔ 1932 میں قائم ہونے والا یہ قدیم ترین ریڈیو ہے جو بغیر تار لہروں کے موجد مارکونی نے اس وقت کے وزیراعلیٰ سرحد (موجودہ خیبرپختونخوا) عبدالقیوم خان کی درخواست پر تحفہ دیا تھا اور نصب کرنے وہ خود لندن سے یہاں آئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ بارودی ذہن اور دل میں نفرت کی آگ رکھنے والے گمراہوں نے قومی وقار، یادگاروں، ایمبولنسز کے ساتھ تاریخ ہی جلا ڈالی، نادر و نایاب ورثہ خاکستر کردیا، ان ظالموں کو جرائم کا حساب دینا ہوگا۔ گھڑی فروش نے تاریخی تحفہ انا کی آگ میں جلا کر بھسم کر دیا۔