برف سے ڈھکی وادی نیلم سیاحوں کیلئے موسم سرما کی جنت بن چکی ہے

اسلام آباد۔17جنوری (اے پی پی):آزاد کشمیر کی برف سے ڈھکے پہاڑوں کی خوبصورت وادی نیلم سیاحوں اور مقامی افراد کیلئے موسم سرما کی جنت بن گئی ہے ، چمکتی ہوئی برف جنگلات، جھیلوں اور پگڈنڈیوں پر جمی ہوئی ہے، پہاڑیوں نے سفید چادر اوڑھ رکھی ہے ، ملک بھر سے سیاح اس کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہونے کیلئے بڑی تعداد میں وادی کا رخ کر رہے ہیں۔ وادی نیلم …

اسلام آباد۔17جنوری (اے پی پی):آزاد کشمیر کی برف سے ڈھکے پہاڑوں کی خوبصورت وادی نیلم سیاحوں اور مقامی افراد کیلئے موسم سرما کی جنت بن گئی ہے ، چمکتی ہوئی برف جنگلات، جھیلوں اور پگڈنڈیوں پر جمی ہوئی ہے، پہاڑیوں نے سفید چادر اوڑھ رکھی ہے ، ملک بھر سے سیاح اس کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہونے کیلئے بڑی تعداد میں وادی کا رخ کر رہے ہیں۔ وادی نیلم تیزی سے سردیوں کا بہترین تفریحی مقام بنتی جا رہی ہے۔ برف نے پہاڑیوں اور جھیلوں کو ڈھانپ دیا ہے جس نے اس علاقے کو موسم سرما کے ایک شاندار تفریحی مقام میں تبدیل کر دیا ہے۔

مقامی میڈیا کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق وادی کے برف سے ڈھکے پہاڑ اور قدیم مناظر ملک بھر سے سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کر رہے ہیں، سیاح سردیوں کے پرسکون نظاروں اور برفیلی دلکشی کا تجربہ کرنے کے لیے بے چین ہیں۔فیملیز اور ٹریول گروپس یادگار تجربات شیئر کر رہے ہیں، بہت سے لوگوں نے وادی نیلم کے اپنے دورے کو پرامن اور ناقابل فراموش قرار دیا ہے۔ایک خاندانی تفریحی گروپ میں شامل بزرگ نے کہا کہ فیملی کے ساتھ سفر کرنا شاندار رہا، پرسکون وادیاں اور ندیاں اسے تمام نسلوں کے لیے ایک یادگار تجربہ بناتی ہیں، جو موسم سرما کے سیاحوں کے لیے ایڈونچر اور آرام دونوں کی پیشکش کرتی ہیں ۔مقامی حکام سردیوں کے موسم میں تحفظ اور علاقے کی قدرتی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لیے جامع کاوشیں کر رہے ہیں۔

وادی نیلم کا ایک مقامی دکاندار نے کہا کہ موسم سرما کی یہ برف باری ہمارے لیے ایک نعمت ہے کیونکہ سیاح بڑی تعداد میں آرہے ہیں اور ہمارے گیسٹ ہاؤسز اور دکانیں پہلے سے کہیں زیادہ کاروبار دے رہی ہیں۔ ایک مقامی رہائشی نے کہا کہ ہمیں یہ دیکھنا اچھا لگتا ہے کہ سیاح پگڈنڈیوں اور پہاڑیوں پر برف سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موسم سرما مشکل ہوتا ہے لیکن یہ موسم ہماری وادی میں زندگی اور مسکراہٹ لاتا ہے۔ایک اور مقامی رہائشی نے موسم سرما میں سیاحوں کے رش کے حوالہ سے کہا کہ برف سے ڈھکے جنگلات اور جھیلوں کو دیکھنا حیرت انگیز ہے، یہ نظارے ناقابل فراموش ہیں اور ہرطرفہ پہاڑ برف کی وجہ سے اور بھی دلکش ہو جاتے ہیں۔

پاکستان کے محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ وادی میں برف باری کا موجودہ سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہنے کی توقع ہے۔ محکمے کے ایک اہلکار نے کہا کہ آنے والے دنوں میں برف باری میں شدت آئے گی، جس سے سڑکوں پر ٹریفک متاثر اور سفر میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔محکمہ موسمیات نے سیاحوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر پہاڑی راستوں پر سفر کرتے وقت موسم کی پیشنگوئی سے باخبر رہیں۔