اسلام آباد۔10فروری (اے پی پی):بلوچستان ریزیڈینشل کالج اوتھل سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات پر مشتمل 21 رکنی وفد نے 6 فیکلٹی ممبران کے ہمراہ پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد کا مطالعاتی دورہ کیا، پارلیمنٹ ہائوس آمد پر سینیٹ سیکرٹریٹ کے حکام نے وفد کو خوش آمدید کہا۔دورے کے دوران وفد نے سینیٹ میوزیم کا معائنہ کیا جہاں سینیٹر اسد قاسم نے طلبہ کو ایوان بالا کے آئینی ڈھانچے، قانون …
بلوچستان ریزیڈینشل کالج اوتھل کے طلبہ کا پارلیمنٹ ہائوس کا مطالعاتی دورہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔10فروری (اے پی پی):بلوچستان ریزیڈینشل کالج اوتھل سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات پر مشتمل 21 رکنی وفد نے 6 فیکلٹی ممبران کے ہمراہ پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد کا مطالعاتی دورہ کیا، پارلیمنٹ ہائوس آمد پر سینیٹ سیکرٹریٹ کے حکام نے وفد کو خوش آمدید کہا۔دورے کے دوران وفد نے سینیٹ میوزیم کا معائنہ کیا جہاں سینیٹر اسد قاسم نے طلبہ کو ایوان بالا کے آئینی ڈھانچے، قانون سازی کے طریقہ کار، سینیٹ کے فرائض، اراکین کے انتخاب کے نظام اور قائمہ کمیٹیوں کے کردار سے متعلق تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ وفاقی اکائیوں کے درمیان توازن اور ہم آہنگی کی علامت کے طور پر کام کرتا ہے اور قومی سطح پر عوامی مسائل کے حل میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔سینیٹر اسد قاسم نے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے نوجوانوں کو ملک کا روشن مستقبل قرار دیا اور اس امر پر زور دیا کہ نئی نسل کو قومی ترقی اور جمہوری استحکام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔
وفد کو پاکستان کے پارلیمانی نظام، قانون سازی کے مختلف مراحل اور سینیٹ کے آئینی اختیارات کے حوالے سے بھی جامع معلومات دی گئیں۔اس موقع پر طلبہ کو سینیٹ میوزیم میں ایوان بالا کی تاریخ پر مبنی ایک معلوماتی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔وفد نے سینیٹ میوزیم میں نامور قومی شخصیات کے مجسمے اور تاریخی تصاویر میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔بعدازاں وفد نے سینیٹ ہال کا دورہ کیا اور جاری اجلاس کی کارروائی کا مشاہدہ کیا جہاں سینیٹ حکام نے وفد کو پارلیمانی روایات اور ایوان کے نظم و ضبط سے متعلق مزید رہنمائی فراہم کی۔وفد کو گلی دستور کا بھی دورہ کرایا گیا جہاں پاکستان کی پارلیمانی تاریخ اور جمہوری ارتقاء سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وفد نے سینیٹر اسد قاسم کے ہمراہ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔دورے کے اختتام پر وفد کے اراکین نے جمہوری اقدار کے فروغ، پارلیمانی شفافیت اور ادارہ جاتی مضبوطی کے لیے سینیٹ سیکرٹریٹ کی خدمات کو سراہا۔
طلبہ اور اساتذہ نے اس مطالعاتی دورے کو نہایت بامقصد اور معلومات افزاء قرار دیتے ہوئے سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے فراہم کی گئی معاونت اور رہنمائی پر اظہار تشکر کیا۔








