بگ بیش لیگ،میتھیو موٹ سڈنی سکسرز کے مردوں کی ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر

آسٹریلیا کی معروف فرنچائز سڈنی سکسرز نے تجربہ کار کوچ میتھیو موٹ کو 2 سال کے معاہدے پر مردوں کی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔

سڈنی۔22جولائی (اے پی پی):آسٹریلیا کی معروف فرنچائز سڈنی سکسرز نے تجربہ کار کوچ میتھیو موٹ کو 2 سال کے معاہدے پر مردوں کی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔

ای ایس پی این کے مطابق 52 سالہ موٹ آئندہ بی بی ایل 16 سے ٹیم کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے اور جیمز ہوپس کی جگہ لیں گے، جنہوں نے گزشتہ ماہ کوئنز لینڈ اور برسبین ہیٹ کے ساتھ نئی کوچنگ ذمہ داریاں قبول کرنے کے بعد عہدہ چھوڑ دیا تھا۔میتھیو موٹ گزشتہ 2 سیزن سے سڈنی سکسرز کی مردوں کی ٹیم کے معاون کوچ رہے جبکہ گزشتہ سیزن خواتین کی ٹیم کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے انہوں نے ٹیم کو چیلنجر مرحلے تک پہنچایا۔ کلب نے اعلان کیا ہے کہ خواتین کی ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ کا نام بھی رواں ہفتے سامنے لایا جائے گا۔میتھیو موٹ کا شمار دنیا کے کامیاب ترین محدود اوورز کوچز میں ہوتا ہے۔ انہوں نے 2022 سے 2024 تک انگلینڈ کی مردوں کی وائٹ بال ٹیم کی کوچنگ کی اور 2022 ٹی 20 ورلڈ کپ کا ٹائٹل جتوایا۔

اس سے قبل وہ 2015 سے 2022 تک آسٹریلیا کی خواتین ٹیم کے ہیڈ کوچ رہے، جہاں ان کی قیادت میں ٹیم نے 2 ٹی 20 ورلڈ کپ،2022 ون ڈے ورلڈ کپ، 4 ایشز سیریز اور مسلسل 26 ون ڈے میچز جیتنے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔میتھیوموٹ نے اپنی تقرری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سڈنی سکسرز سے ان کا تعلق طویل عرصے سے ہے اور مردوں کی ٹیم کی قیادت سنبھالنا ان کے لئے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کلب کی کامیاب روایات کو مزید آگے بڑھانے کے لئے پرعزم ہیں۔سڈنی سکسرز کی جنرل منیجر ریچل ہینز کے مطابق میتھیو موٹ کی عالمی سطح کی کوچنگ، قائدانہ صلاحیت اور ٹیم کلچر کو مضبوط بنانے کا تجربہ انہیں اس عہدے کے لئے بہترین انتخاب بناتا ہے۔ ان کی تقرری ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ٹیم نئے کپتان کی بھی تلاش کر رہی ہے، کیونکہ موئسس ہنریکس آسٹریلوی ڈومیسٹک کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں۔