بھارت اور اسرائیل پاکستان کے اندر تقسیم اور انتشار پیدا کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں،ہمیں مل کر ملک دشمنوں کی سازشوں اور ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانا ہو گا،وفاقی وزیر مراد سعید

اسلام آباد۔25اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ بھارت اور اسرائیل سامنے سے پاکستان کے ساتھ مقابلہ کرنے کی طاقت نہیں رکھتے اسلئے پاکستان کے اندر تقسیم اور انتشار پیدا کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان بھارت کے ناپاک عزائم کے رستے میں رکاوٹ بن گئے ہیں اسلئے آج بھارتی میڈیا ان کے خلاف مہم چلا رہا ہے اور …

اسلام آباد۔25اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ بھارت اور اسرائیل سامنے سے پاکستان کے ساتھ مقابلہ کرنے کی طاقت نہیں رکھتے اسلئے پاکستان کے اندر تقسیم اور انتشار پیدا کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان بھارت کے ناپاک عزائم کے رستے میں رکاوٹ بن گئے ہیں اسلئے آج بھارتی میڈیا ان کے خلاف مہم چلا رہا ہے اور نواز شریف اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسوں کو سراہا رہا ہے، اپوزیشن رہنما جلسوں میں جس طرح کی زبان بول رہے ہیں وہ بھارت کے مہرے کے طور پر سامنے آ رہے ہیں، پوری قوم اور پی ڈی ایم کے رہنما جو نادانی میں ان کا ساتھ دے رہے ہیں کو سمجھنا ہو گا کہ یہ پاکستان کے خلاف ایک بڑی گیم اور سازش ہے، ہمیں مل کر ملک دشمنوں کی سازشوں اور ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانا ہو گا۔ اتوار کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی موثر خارجہ پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کو ہر محاذ پر کامیابیاں مل رہی ہیں، مسلح افواج پاکستان نے جس طرح دہشتگردی کے خلاف جنگ جیت کر ملک میں امن لایا پوری قوم کو اس پر فخر ہے۔ مراد سعید نے کہا کہ آج بھارت خود دہشتگردی کا شکار ہے اور دنیا اسے دہشتگردی کی نظر سے دیکھ رہی ہے، بھارت کو پاکستان کی کامیابیاں ہضم نہیں ہو رہیں اسلئے وہ قومیت کے نام پر اور اداروں کے خلاف بیانیے کو فروغ دیکر ملک میں تقسیم اور انتشار پیدا کرنے کی سازشیں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بارہا کہہ چکا ہے کہ ہم باہر سے پاکستان کے خلاف مقابلہ نہیں کر سکتے کیونکہ پاکستان کی فوج مضبوط ہے، بلی تھیلے سے باہر آ گئی ہے اور اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کے بیانات ظاہر کرتے ہیں کہ بھارت کس طرح پاکستان کے اندر تقسیم کی سازشیں کر رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ سال جب بھارت نے پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی کوشش کی تھی تو پاک فضائیہ نے اس کے طیارے مار گرا کر اس کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا تھا اور آئندہ بھی اسے ہر محاذ پر شکست دیتے رہیں گے۔ وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ بھارت پاکستان کو توڑنے کیلئے بڑی گیم اور منصوبہ بندی کر رہا ہے، نواز شریف مہرے کے طور پر استعمال ہو رہے ہیں، حکومت کو نواز شریف کی بیرون ملک سفارتی، سجن جندل ملاقاتوں اور پاکستان مخالف بیانیے کی تشہیر اور اسے فروغ دینے کا پتا ہے، پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے نادانی میں جو لوگ ان کا ساتھ دے رہے ہیں تو انہیں بتانا چاہتے ہیں کہ یہ ملک کے خلاف بڑی سازش ہے وہ اس کا حصہ نہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں سیاست ضرور کریں لیکن پاکستان اور قومی ایشوز پر بات کریں، جو بھی عناصر دشمنوں کے ساتھ مل کر اس کی سازشوں کو کامیاب بنانے کی کوشش کر رہے ہیں وہ ملک کے ساتھ ظلم کر رہے ہیں، پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے اور مل کر ملک دشمنوں کو شکست دیں گے۔